ملک اشرف:لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزرا ءاعظم نواز شریف اورشاہد خاقان عباسی کیخلاف بغاوت کی کارروائی کے لیے دائر درخواست پر سماعت، تین رکنی فل بنچ نے پیش نہ ہونے پر شاہد خاقان عباسی کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے شہری آمنہ ملک کی درخواست پر سماعت کی ، عدالتی حکم کے باوجود سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پیش نہیں ہوئے، تین رکنی فل بینچ نے سابق وزیر اعظم کے پیش نہ ہونے پر ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، فل بینچ نے نواز شریف کو سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور صحافی سرل المیڈا کو ایس ایس پی اسلام آباد کے ذریعے نوٹس جاری کر دیئے۔
درخواست گزار کے وکیل کےمطابق نواز شریف نے غیر ذمہ دارانہ بیان دیاجس پر سیکیورٹی کونسل کااجلاس بلایا گیا اور شاہد خاقان عباسی نے بند کمرے کی کارروائی کی تفصیلات نواز شریف کو بتائیں اور اس طرح اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی، درخواست گزار نےاستدعاکی کہ نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کیخلاف بغاوت کےالزام میں کارروائی کی جائے۔
تین رکنی فل بینچ نےشاہد خاقان عباسی کو 23 ستمبرکوپیش کرنے اور 10 لاکھ مچلکوں کےعوض قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئےسماعت ملتوی کردی۔