محسن نقوی کا ایکشن؛ عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات کے ایم ایس کی چھٹی، گوجرانوالہ میں برن یونٹ فوراً آپریشنل کرنے کا حکم

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

زاہد اقبال رانا: وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج اینڈ ٹیچنگ ہسپتال کا  سرپرائز دورہ کیا، زیر علاج مریضوں  کی عیادت کی اور طبی سہولیات بارےدریافت کیا اور ہسپتال میں زیرتعمیر برن یونٹ کو فوری طور پر آپریشنل کرنے کی ہدایت کر دی۔ بعد ازاں محسن نقوی گجرات گئے اور وہاں عزیز بھٹی شہید ہاسپٹل میں بدنظمی اور سنگین نوعیت کی انتظامی غفلتوں کا مشاہدہ کرنے کے بعد ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو عہدہ سے ہٹا دیا۔

گوجرانوالہ ٹیچنگ ہاسپٹل کا  برن یونٹ فنکشنل کرنے کی ہدایت

 وزیر اعلیٰ پنجاب نے  گوجرانوالہ ٹیچنگ (ڈی ایچ کیو )ہسپتال کے 5 فلور کا معائنہ کیااور طبی سہولتوں کا مشاہدہ کیا، وزیراعلیٰ نے زیر تکمیل برن یونٹ کا جائزہ بھی لیا،سیکرٹری صحت کو فون کر کے برن یونٹ کو فوری طورپر آپریشنل کرنے کی ہدایت بھی کی ، وزیراعلیٰ محسن نقوی کی مختلف وارڈز میں مریضوں کی مزاج پرسی بھی کی جس کی ویڈیو کو   خوب پذیرائی مل رہی ہے ،مریضوں نے طبی سہولتوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا ، وزیراعلیٰ نے آرتھوپیڈک وارڈ میں زیر علاج بچوں کی عیادت بھی کی،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مریض بچوں سے گفتگو  کی اور ان سے شفقت کے ساتھ باتیں کرتے رہے۔  محسن نقوی کی بچوں کے ساتھ گفتگو کی مقامی میڈیا نمائندوں کی بنائی ہوئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

محسن نقوی ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ کے  دورہ کے لئے پہنچے تو  ہسپتال کے باہر اور اندر بارش اور  سیوریج کا پانی، گندگی کےڈھیر، صفائی کی ناگفتہ بہ صورتحال دیکھ کر پریشان ہو گئے۔ انہوں نے  گندگی کے ڈھیر فوری طور پر اٹھائے کا حکم دیا۔

ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ میں بعض مریضوں اور تیمارداروں کی علاج معالجے کی سہولتوں کے فقدان کے حوالے سے شکایات کا وزیراعلیٰ نے سختی سے نوٹس لیا۔ انہوں نے موقع پر ہی ہسپتال انتظامیہ کو شکایات کے ازالے کیلئے احکامات دیئے۔

ہسپتال کی وارڈز میں گلوکوز کی ڈرپ کیلئے سٹینڈ نہ ہونے کی وجہ سے بعض مریضوں کے لواحقین ڈرپ ہاتھ میں پکڑ کر مریض کے سرہانے کھڑے ہونے پر مجبور تھے۔

بعض مریضوں کے  تیمارداروں نے شکایت کی کہ ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ میں مریضوں کے پیمپر تبدیل کرنے کے 300 روپے لئے جاتے ہیں ۔

ایک ماں مسز طاہرہ نے وزیر اعلی محسن نقوی سے اپیل کی کہ ڈاکٹر کی غلطی کی وجہ سے میری بیٹی موت کے منہ میں چلی گئی،انصاف کیا جائے۔ محسن نقوی نے اس خاتون کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو فوری طور پر انکوائری کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈائلسز سنٹر، میڈیکل۔کڈنی وارڈ، بچہ وارڈ، ویٹنگ ایریا اور ایمرجنسی بلاک کا بھی دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔

وزیر اعلی محسن نقوی نےنگران وزیر اعلی نے ڈی ایچ کیو  ہسپتال کے بعد زیر تعمیر چلڈرن اسپتال کا دورہ کیا اور  ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ کے بچہ وارڈ کو  چلڈرن ہسپتال میں شفٹ کرنے کے حوالے سے کئے جانے والے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے بچہ وارڈ کی چلڈرن ہسپتال میں شفٹنگ جلد کرنے کی ہدایت کی۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن۔ آرپی او گوجرانوالہ اور ایم ایس ہسپتال وزیر اعلی محسن نقوی کی آمد کے بعد پہنچے۔

عزیز بھٹی شہید ہاسپٹل کے ایم ایس کی چھٹی کر دی

نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی گوجرانوالہ میں ٹیچنگ ہاسپٹل کا وزٹ کرنے کے فورا بعد گجرات گئے اور وہاں عزیز بھٹی شہید گجرات عزیز شہید ہاسپٹل کا سرپرائز وزٹ کیا۔ انہوں نے  ہسپتال میں انتظامی غفلت کا مشاہدہ کیا اور  ہسپتال کے ایم ایس شاہد حسین نے بد انتظامی کا جواب طلب کیا۔ جوابات کو تسلی بخش نہ پا کر انہوں نے فوری طور پر ایم ایس شاہد حسین کو عہدہ سے ہٹانے کے احکامات جاری کر دیئے۔ نگراں وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ایم ایس کو عہدہ سے ہٹانے کا نوٹیفیکیشن فوری طور پر جاری کر دیا گیا۔ 

عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں مریضوں نے شکایات کیں کہ ہسپتال میں کھٹملوں کی بھرمار ہے، ادویات باہر سے خریدنے اور ٹیسٹ باہر سے کروانے کیلئے کہا جاتا ہے۔  محسن نقوی نے تمام شکایات کے متعلق ہسپتال کے ایم ایس اور دیگر عملہ سے جواب طلب کیا۔ شکایات صحیح ثابت ہونے پر انہوں نے ایم ایس کو فوراً ہٹا دیا اور باقی سٹاف کو ہسپتال کا نظام درست کرنے اور مریضوں کو ادویات ہسپتال سے فراہم کرنے، ضروری ٹیسٹ ہسپتال کی لیب سے ہی کروانے کی ہدایات جاری کر دیں۔دریں اثنا  نگراں وزیراعلیٰ سید محسن رضا نقوی نےعزیز بھٹی شہید ہسپتال میں شکایت پر ڈی سی گجرات کو انکوائری کرنے کا حکم دے دیا اور عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی رپورٹ طلب کر لی۔

عزیز بھٹی شہید ہسپتال کی 50 کروڑ روپیہ سے اپ گریڈیشن

 نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بتایا ہے کہ گجرات میں عزیر بھٹی شہید ہسپتال کو 50  کروڑ فنڈز سے اپ گریڈ کررہے ہیں۔

گجرات میں عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے دورہ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ میری کوشش ہے جلد از جلد ڈی ایچ کیو کی اپ گریڈیشن کے کام کو مکمل کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ عزیز بھٹی ہسپتال کی کافی شکایات ہیں، سیکرٹری ہیلتھ سے اس پر بات کروں گا۔

ایک صحافی کے "اپنوں" کو  فنڈز سے نوازنے کے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا، فنڈز چھپتے نہیں ہیں، اگر نکلتے ہیں تو سب کو معلوم ہوجاتا ہے۔ آپ چیک کرسکتے کس کے نام کتنے فنڈز جاری ہوئے ہیں۔