ویب ڈیسک: لاہور سٹی ٹریفک پولیس نے ہائی کورٹ کے حکم پر آج سے غلط پارکنگ پر 2 سو کی بجائے 2 ہزار روپے جرمانہ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سٹی پولیس نے غلط پارکنگ کے جرمانے میں اضافہ کرتے ہوئے 2 سو سے بڑھا کر 2000 روپے کردیا۔چیف ٹریفک آفیسر لاہور منتظرمہدی کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے سخت احکامات پر کیا گیا ہے۔
منتظر مہدی نے ٹریفک اہلکاروں کو حکم دیا کہ وہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ نو پارکنگ زون میں کھڑی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔سی ٹی او لاہور نے سرکل افسران کو غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری جرمانے سے بچنے کیلئے قوانین کی پاسداری کریں۔
یاد رہے جون کے آغاز میں ای چالان کے اجراء کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد لاہور کے چیف ٹریفک پولیس آفیسر نے ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر دستی چالان جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔
سی ٹی او نے کہا تھا کہ ٹریفک سگنلز، لین لائن اور اسٹاپ لائنز کی خلاف ورزی پر چالان اب ٹریفک وارڈنز دستی طور پر جاری کریں گے ، اس سے قبل سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ای چالان جاری کیے جاتے تھے۔