( اکمل سومرو ) لاہور سمیت پاکستان بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں کے طلبا کیلئے احساس سکالر شپ کا اجراء کردیا گیا، بی ایس آنرز ڈگریوں میں زیرتعلیم طلبا کو ایچ ای سی پورٹل پر درخواستیں جمع کرانے کی ہدایات کردی گئیں۔
رواں تعلیمی سال کیلئے سکالرشپ کی آن لائن درخواستوں کے لیے احساس انڈر گریجویٹ سکالرشپ پورٹل کھول دیا گیا ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق یہ پورٹل 30 اکتوبر تک کھلا رہے گا۔ سکالرشپ درخواست میں متعلقہ یونیورسٹی کا نام درج کرنا ضروری ہے۔
لاہور سمیت ملک بھر کی 119 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں چار اور پانچ سالہ انڈر گریجویٹ پروگرامز میں زیر تعلیم طلبا سکالرشپ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ ایچ ای سی کے مطابق جن طلبا کے والدین کی آمدن 45 ہزار روپے سے کم ہے، وہ حساس سکالرشپ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
احساس اسکالرشپ میں 100 فیصد ٹیوشن فیس اور 4 ہزار روپے ماہانہ گزر بسر کا وظیفہ بھی شامل ہے۔ پروگرام کے دائرہ کار میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیاں شامل ہیں۔