(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کے وار جاری، پاکستان میں کورونا سے مزید آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 552 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اعدادو شمارکےمطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے 661 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد کورونا متاثرین کی تعداد 3 لاکھ 18 ہزار266 ہوگئی ہے، پاکستان میں کورونا کے تین لاکھ، تین ہزار، باسٹھ مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق سندھ میں ایک لاکھ، 39ہزار، 910، پنجاب میں ایک لاکھ، 484 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں، خیبرپختونخوا میں 38ہزار، 273 اور بلوچستان میں کورونا کے 15ہزار 498 متاثرہ افراد موجود ہیں، اسلام آباد میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 17ہزار 210، گلگت بلتستان میں 3ہزار، 900 جبکہ آزاد کشمیر میں 2ہزار، 291 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔
این سے او سی کے مطابق کورونا وائرس کے تعلیمی اداروں پر حملے جاری ہیں، اسلام آباد میں کورونا سے متاثرہ تعلیمی اداروں کی تعداد بائیس ہوگئی، حیدر آباد میں تین اساتذہ اور دو ملازمین میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، تین سکول بند کردیئے گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شادی ہالز کیلئے ایس اوپیز جاری کردیئے، کورونا ایس او پیز کے مطابق ان ڈورایونٹ میں تین سو اور آؤٹ ڈورمیں پانچ سو افراد کو شرکت کی اجازت ہوگئی، شادی کی ہر تقریب کا دورانیہ دو گھنٹے کا ہوگا، رات دس بجے شادی ہالز بند کردیئے جائیں گے، خلاف ورزی پر ہالز سیل اور بھاری جرمانہ ہوگا۔
واضح رہےکہ پا کستان میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد ستمبر سے شادی ہالز کھولے گئے تھے تاہم ضابطہ کار کی خلاف ورزی پر کراچی سمیت دیگر شہروں میں کئی ہالز کو بند کردیا گیا ہے۔