جیل روڈ(زاہد چودھری)24 چوبیس گھنٹے کے د وران لاہور میں کورونا کے مزید 39مریضوں کی تصدیق تاہم کوئی موت نہیں ہوئی ۔صوبے بھر میں 58 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق کی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 50333 اور 868 اموات ہوچکی ہیں ۔ پنجاب بھر میں کورونا کے 58 نئے کیسز اور ایک موت واقع ہوئی ہے ۔ صوبے میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 100330 ہوگئی ہے اور 2248 اموات ہوچکی ہیں ۔ صوبے بھر میں کورونا کے 96527 مریض اب تک صحتیاب ہوچکے ہیں ۔
دوسری جانب ڈینگی کے بھی مزید 2 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ لاہور میں ڈینگی کے 16 اور پنجاب بھر میں 642 مشتبہ مریض ہسپتالوں میں رپورٹ ہوئے۔ایک ہفتے کے دوران صوبے میں 8708 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔ لاہور میں ڈینگی کے 16 اور صوبے بھر میں مجموعی طور پر ڈینگی کے 642 مشتبہ مریض ہسپتالوں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
ترجمان محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھ کر ڈینگی وائرس سے محفوظ رہیں، ڈینگی اورکورونا کی علامات ظاہر ہونے پر طبی رہنمائی کے لئے 1033پر رابطہ کریں، ڈینگی ٹیمیں آپ کے علاقے میں نہ پہنچیں تو 1033 پر شکایت درج کروائیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔
پاکستان کے 735 ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے سہولیات ہیں اور ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے وینٹی لیٹرز کی تعداد ایک ہزار920 ہے، ملک میں 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں اور متعدد شہروں میں ٹریس، ٹیسٹ اورقرنطینہ حکمت عملی موثر طریقے سے کام رہی ہے۔