ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نواز شریف اشتہاری قرار،عدالت کا نیب،ڈی سی کوبڑا حکم

نواز شریف اشتہاری قرار،عدالت کا نیب،ڈی سی کوبڑا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شاہین عتیق)احتساب عدالت میں پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت ہوئی،عدالت نے عدم حاضری پر میاں نواز شریف کو اشتہاری قرار دیدیا، عدالت نےڈی سی اور نیب سے نوازشریف کی جائیداد کی تفصیلات طلب کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کےجج اسد علی نے جوہر ٹاون میں غیر قانونی پلاٹ الاٹ کرنے کے ریفرنس کی سماعت کی۔عدالت میں پولیس نے میرشکیل الرحمان کو پیش کیا۔ عدالت میں پراسیکیوٹر حارث قریشی نے نواز شریف کی رپورٹ پیش کی، جس پرعدالت نے میاں نوازشریف کواشتہاری ملزم قرار دیتے ہوے ڈی سی سے جائیداد کی تفصیلات طلب کر لیں اس کے ساتھ ساتھ نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔عدالت نے نیب اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو آئندہ سماعت پر جائیداد قرق کرنے کی رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیتےہوئے سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی۔

کیس کی سماعت کے دوران جج اسد علی نےریمارکس دیئے کہ 1 ماہ کا وقت گزرنے کے باوجود  اب تک نواز شریف اور نہ ہی ان کی جانب سے کوئی پیش ہوا، قومی احتساب بیورو(نیب) کے وکیل حارث قریشی نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کے اشتہارات جاری ہوئے ایک ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے.احتساب عدالت نے نواز شریف کی حد تک کیس کو ریفرنس سے الگ کر دیا اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ پیشی پر   نواز شریف کے اثاثوں کی مکمل تفصیلات عدالت میں پیش کی گئیں، ایس ای سی پی کے مطابق نوازشریف کے 4 کمپنیوں میں شیئرز ہیں۔نیب رپورٹ کے مطابق محمد بخش ٹیکسٹائل ملز میں نواز شریف کے 4 لاکھ 67 ہزار 950 شیئرز ہیں جب کہ حدیبیہ پیپر ملز میں نواز شریف 3 لاکھ 43 ہزار 425 شیئرز کے مالک ہیں۔

حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں نواز شریف کے شیئرز کی تعداد 22 ہزار 213 اور اتفاق ٹیکسٹائل ملز میں 48 ہزار606 ہے۔علاوہ ازیں مختلف نجی بینکس میں 3 غیر ملکی کرنسی سمیت 8 اکاؤنٹس ہیں، نوازشریف کے 5 بینک اکاؤنٹس میں 6 لاکھ 12 ہزار روپے موجود ہیں جب کہ   نواز شریف کے غیر ملکی کرنسی والے اکاؤنٹس میں 566 یورو، 698 امریکی ڈالرز اور 498 برطانوی پاؤنڈز موجود ہیں۔

 لاہور کے موضع مانک میں 936 کنال، موضع بڈوکسانی میں 299 کنال زرعی اراضی شامل ہے۔رائے ونڈ میں 103 کنال، موضع سلطان میں 312 کنال اراضی بھی نوازشریف کے نام ہے۔ شیخوپورہ کے موضع منڈیالی میں بھی نواز شریف کے نام 14 کنال اور موضع فیروز وطن میں 88 کنال اراضی شامل ہے۔ 3 گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں جس میں ایک لینڈ کروزر، 2 مرسڈیز شامل ہیں، 2 ٹریکٹرز کے بھی مالک ہیں۔

M .SAJID .KHAN

Content Writer