(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سینیٹرز کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں، تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی 81 کروڑ کے اثاثوں کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق سینیٹ میں غریب ترین رکن، صرف 3 لاکھ روپے کے مالک نکلے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹرز کے مالی سالی 20-2019 کے گوشواروں کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے اثاثوں کی مالیت 10 کروڑ 63 لاکھ ہے، صادق سنجرانی کی پاکستان میں جائیداد کی مالیت ساڑھے پانچ کروڑ ہے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے پاس چار گاڑیاں بھی ہیں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا 6کروڑ 77 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، وفاقی وزیر اعظم سواتی 81 کروڑ 12 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے رکھتے ہیں، وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم 39 کروڑ 96 لاکھ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں-
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز 4 کروڑ 67 روپے مالیت کے اثاثے رکھتے ہیں، سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم 20 کروڑ 21 لاکھ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں، ڈاکٹر شہزاد وسیم کی اہلیہ کے اثاثوں کی مالیت 17 کروڑ 23 لاکھ ہے، سینیٹر فیصل جاوید 1 کروڑ روپے اثاثوں کے مالک ہیں، سینیٹر تاج محمد آفریدی 1 ارب 22 کروڑ 27 لاکھ روپے مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں، سینیٹر تاج آفریدی کے بیرون ممالک 16 کروڑ 71 لاکھ روپے کے اثاثے ہیں۔
سینیٹر عبدالقیوم 8 کروڑ 64 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، سینیٹر عبدالقیوم کی ملکیت میں زمین بینک اکاؤنٹس شامل ہیں، سینیٹر پرویز رشید کے پاکستان اور بیرون ملک میں کوئی اثاثے نہیں، سینیٹر پرویز رشید کا پاکستان اور بیرون ملک میں کوئی کاروبار نہیں، پرویز رشید نے صرف 33 لاکھ روپے کی رقم بینک اکاؤنٹ میں ظاہر کی ہے، سینیٹر راجہ ظفر الحق نے الیکشن کمیشن میں اپنی جائیداد ظاہر کی لیکن مالیت ظاہر نہیں کی، سینیٹر راجہ ظفر الحق نے بینک اکاؤنٹ میں صرف 50 ہزار روپے ظاہر کیے ہیں۔