(عابد چودھری) جشن عید میلاد النبیﷺ پر آج لاہور پولیس کی جانب سے 6 ایس پیز، 34 ڈی ایس پیز، 43 انسپکٹرز، سمیت 10 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکاروں کو سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے مذہبی مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، ایس ایس پی آپریشنز محمد نوید کے مطابق عید میلاد النبیﷺ کے تمام چھوٹے بڑے 221 جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ 12 ربیع الاوّل کے حوالے سے منعقدہ میلاد و محافل کو کیٹیگری اے، بی اور سی میں تقسیم کیا گیا، تمام اہم جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ میٹل ڈیٹیکٹرز، واک تھروگیٹ سمیت تمام حفاظتی اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں جبکہ ایلیٹ فورس، ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کے جوان حساس مساجد کے علاوہ شہر کی اہم شاہراؤں پر گشت کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں عید میلادالنبیﷺ پر شہر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کےلئے ڈولفن ا ور پیرو فورس نے ایس پی نوید ارشاد کی سربراہی میں شہر کے مختلف علاقوں میں فلیگ مارچ کیا، فلیگ مارچ ڈولفن ہیڈ کوارٹرز والٹن سے شروع ہوا اور فیروز پور روڑ، برکت مارکیٹ، لبرٹی، گلبرگ، فردوس مارکیٹ سے ہوتا ہوا والٹن ہیڈ کوارٹرز پہنچ کر ختم ہوا، فلیگ مارچ میں ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔
ایس پی نوید ارشاد نے سٹی 42 سے گفتگو میں کہاکہ فلیگ مار چ کا مقصد شہر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اور شہریوں میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے جبکہ عید میلادالنبیﷺ کے جلوسوں و ریلیوں کی بھرپور سکیورٹی کے لئے لاہور پولیس پرعزم ہے.