(ویب ڈیسک)پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے گزشتہ روز سے سرکاری و پرائیویٹ املاک پر حملوں پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ حساس عمارات پر دشمن کی طرح حملے کیے گئے ، جو کام ازلی دشمن نہ کر سکا ان دہشت گردوں نے کر دکھایا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کی گرفتاری پر ملک بھر میں مظاہروں کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی گرفتاری کرپشن کیس میں ہوئی ہے،نیب 7ارب روپے کی کرپشن کے معاملےکی تفتیش کر رہا ہے، القادر ٹرسٹ کیس کے شواہد موجود ہیں ، قانون کے تحت گرفتاری ہوئی اور عدالت نے گرفتاری کو قانون قرار دیا ہے ، بطور سیاسی کارکن کسی کی گرفتاری پر خوشی کا اظہار نہیں کر سکتے ، لیکن عمران خان کا 4 سالہ دور حکومت تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا، گزشتہ 4 برسوں میں مقدمہ نہیں چہرہ دیکھا جاتا رہا ہے، دیکھا جاتا تھا کہ کس کو جیل بھجوانا ہے اور کس کو نہیں ، عمران خان دور حکومت میں الزام لگانے پر ہی گرفتاری ہو جاتی تھی، آج عمران خان الزام لگاتے تھے اور اگلے روز لوگ گرفتار ہو جاتےتھے۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں انتقامی کارروائیوں کا کبھی اچھا انجام نہیں ہوا، سیاسی جماعتوں نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا ، رانا ثنااللہ پر 15 کلو ہیروئن کا مقدمہ درج کر دیا گیا،ہم نے خود کو قانون اور عدالتوں کے سامنے پیش کیا،ہم آج بھی نیب کی پیشیاں بھگت رہے ہیں ،، قانون کی حکمرانی یہی ہے کہ خود کو عدالت کے سامنے پیش کریں ، طاقتور اور کمزور سب قانون کے سامنے برابر ہیں ، کارکنوں کی جذبات کی بجائے عدالتی حکم پر عملدرآمد کیا جائے ، آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے ۔
نیب کے ظالمانہ قانون میں ہم نے ترامیم کروا کر ریمانڈ کی مدت 15 روز کر دی , پرانے نیب قانون کے تحت ریمانڈ کی مدت 90 روز تھی ، آج بھی نیب کے پہلے بینفشری بھی عمران خان ہیں۔