حوصلہ پست نہیں کرنا کیونکہ آپ کے قائد کا حوصلہ بلند ہے، شاہ محمود قریشی

حوصلہ پست نہیں کرنا کیونکہ آپ کے قائد کا حوصلہ بلند ہے، شاہ محمود قریشی
کیپشن: Shah Mehmood Qureshi, file photo
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:   پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کارکنان سے گزارش ہے کہ احتجاج جاری رکھیں لیکن پر امن رہیں ،قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا لیکن حوصلہ پست نہیں کرنا کیونکہ آپ کے قائد کا حوصلہ بلند ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج عمران خان کو عدالت میں پیش کیا گیا اور ان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا، اب ان کو 17 تاریخ کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، عمران خان خیریت سے ہیں اور پہلے سے زیادہ پُر عزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کارکنان کی شہادتوں پر رنجیدہ ہیں ، جب ان کو اطلاع ملی کہ پاکستان کے طول و عرض میں فائرنگ کی وجہ سے شہادتیں ہوئی ہیں ان کواس کی سخت تکلیف ہوئی ۔ پی ٹی آئی ہمیشہ پر امن رہی ہے، ہماری جدوجہد ہمیشہ آئین و قانون کے دائرے میں رہی ہے اور ہم نے اس پالیسی کو برقرار رکھنا ہے۔

 شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا کارکنوں کیلئے واضح پیغام ہے کہ میرے حوصلے بلند ہیں اور آپ نے حوصلہ نہیں ہارنا، ان کے پیغام کو آگے پہنچانے کیلئے آج شام 6 بجے تمام  ریجنل اور ضلعی سربراہان کا اجلاس طلب کیا ہے، ان سے مشاورت کی جائے گی اور ان کے علاقوں کی صورتحال کے بارے میں آگاہی بھی حاصل کروں گا تاکہ عمران خان تک پہنچائی جائے ، وکلا سے مشاورت جاری ہے سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف پٹیشن داخل ہو چکی ہے، سیاسی قیادت اور وکلا کو اعتماد میں لے کر اگلا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

Bilal Arshad

Content Writer