( سعود بٹ ) ادارہ پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی کا کورونا مریضوں کیلئے بڑا اقدام، کمشنر سوشل سیکورٹی تنویر اقبال تبسم کی خصوصی ہدایات پر سوشل سیکورٹی ہسپتال میں داخل مشتبہ کورونا مریضوں کی قوت مدافعت بڑھانے کیلئے خصوصی ڈائٹ پلان تیار کرلیا گیا۔
ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر بابر بندیشہ کے مطابق ڈائٹ پلان کورونا مریضوں کیلئے بنایا گیا ہے۔ خاص کر اُن مریضوں کیلئے جن میں کلینکل سمٹمز موجود نہیں جبکہ اُن کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو ہے۔ سوشل سیکورٹی ہسپتال ملتان روڈ لاہور کے نیوٹشنرن (ماہر غذائیت) ڈاکٹر سجاد کی جانب سے ڈائیٹ پلان تیار کیا گیا ہے۔
مریضوں کو فروٹ میں کیلا، سیب، مالٹا دیا جا رہا ہے جبکہ ڈرائی فروٹ میں کاجو اور اخروٹ دیا جا رہا ہے۔ مریضوں کو اُبالا ہوا انڈا اور دودھ فراہم کیا جا رہا ہے۔ گوشت میں مرغی اور مٹن جبکہ کلونجی کا قہوہ بھی دیا جا رہا ہے۔
کمشنر سوشل سکیورٹی تنویر اقبال تبسم کے مطابق ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے تحت نامزد سوشل سیکورٹی ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کو رکھا جا رہا ہے۔ کسی بھی قدرتی آفات کے دوران ادارہ سوشل سیکورٹی نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، ملک میں کورونا وائرس سے مزید 21 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 639 ہوگئی جبکہ 1991 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 29465 تک پہنچ گئی، 8 ہزار 709 مریضوں نے وائرس کو شکست دیدی۔
لاہور میں بھی کورونا وائرس نے پنجے گاڑ لیے، شہر میں 228 نئے مریض سامنے آگئے، جس کے بعد شہر میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 4084 ہوگئی، لاہور میں اب تک 76 افراد کورونا وائرس سے جان کی بازی ہار گئے۔