خواتین کرکٹرز کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

خواتین کرکٹرز کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شہباز علی) پاکستان کرکٹ بورڈ کا لاک ڈاؤن میں خواتین کرکٹرز کو متحرک رکھنے کیلئے ان کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ، فٹنس ٹیسٹ کل سے شروع ہونگے جو 20 مئی تک جاری رہیں گے۔

 ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خواتین کرکٹرز کے ویڈیو لنک فزیکل فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ ویمن ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد کیا، ویمن کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ میں پرون ہولڈ، بلغارین اسکاٹس، ورٹیکل جمپس اور پش اپس شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق فٹنس ٹیسٹ روزہ افطاری کے بعد لیے جائیں گے، البتہ ٹیسٹوں کے نتائج کا خواتین کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ پر کوئی اثر نہیں ہوگا، ٹیسٹ سیشن کی نگرانی قومی ویمن ٹیم کے عبوری فٹنس ٹرینر عمران خلیل کریں گے۔

ویمن چیف سلیکٹر عروج ممتاز خان کا کہنا ہے کہ خواتین کھلاڑی صرف دستیاب جگہوں میں ہی ٹریننگ کرسکتی ہیں، اس لئے ہم نے اس امر کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ تمام کھلاڑیوں کو یکساں موقع ملیں۔

 واضح رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے خواتین کرکٹرز کیلئے آن لائن لیکچرز کا اہتمام کیا گیا تھا، سابق کپتان وسیم اکرم اور ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم نے الگ الگ لیکچرز دیئے تھے،دونوں نے خواتین کرکٹرز کو میچز کے حوالے سے ٹپس بھی دیں۔پاکستان ویمن کرکٹ کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ سابق کرکٹر وسیم اکرم کی جانب سے دیئے لیکچرز سے ہماری صلاحیتوں میں نکھار آئے گا۔ ایمن انور کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم کے لیکچر کے بعد باؤلنگ میں بہتری آئے گی ۔

یاد رہے کہ پی سی بی قومی سینٹر ل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے فزیکل فٹنس ٹیسٹ لیے گئے، لاک ڈاؤن کے باعث زیادہ تر کھلاڑیوں نے فزیکل فٹنس ٹیسٹ اپنے گھروں کی چھت اور لان میں دیئے۔ 

Sughra Afzal

Content Writer