لاہور میں کورونا وائرس بے قابو ، مزید228 نئے کیس سامنے آگئے

لاہور میں کورونا وائرس بے قابو ، مزید228 نئے کیس سامنے آگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (زاہد چودھری، قیصرکھوکھر، بسام سلطان) پاکستان میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، ملک میں کورونا وائرس سے مزید 21 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 639 ہوگئی جبکہ 1991 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 29465 تک پہنچ گئی، 8 ہزار 709 مریضوں نے وائرس کو شکست دیدی۔

 لاہور میں بھی کورونا وائرس نے پنجے گاڑ لیے،  شہر میں 228 نئے مریض سامنے آگئے، جس کے بعد شہر میں تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 4084 ہوگئی، لاہور میں اب تک 76 افراد کورونا وائرس سے جان کی بازی ہار گئے۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ ایکسپو سنٹر میں467 مریض زیر علاج ہیں، میو ہسپتال میں 373، پی کے ایل آئی 96، سروسز میں 12، جناح میں 22، جنرل ہسپتال میں25، گنگارام میں 8، مزنگ ہسپتال میں 12، چلڈرن ہسپتال میں 4 اور 5 افراد سوشل سکیورٹی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں جبکہ کیمپ جیل سے کورونا وائرس کا صفایا ہوگیا، آخری زیرِعلاج قیدی بھی صحتیاب ہوگیا۔

پی آئی سی میں ایک ہفتے سے زیر علاج دو مریضوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہونے کے 24 گھنٹے بعد بھی دونوں کو آئسولیشن وارڈ میں شفٹ نہیں کیا جاسکا، پی آئی سی میں حالیہ کورونا وبا کے دوران اب تک 38 ڈاکٹرز اور سٹاف ممبران مرض میں مبتلا ہوچکے ہیں جس سے ہسپتال میں شدید خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔

محکمہ داخلہ کے ریکارڈ کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں اب تک 97 ہزار 970 مشتبہ جبکہ مصدقہ مریضوں کی تعداد 10 ہزار 471 ہو گئی ہے، صوبے میں اب تک 191 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 4 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے۔

دوسری جانب  پنجاب  حکومت نےکورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر  لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتے میں تین دن جمعہ،ہفتہ اور اتوار کو پورے پنجاب میں لاک ڈاؤن ہوگا جبکہ چار دن پیر،منگل، بدھ اور جمعرات کو لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے گی۔

نرمی کے چار دنوں میں دکانیں اور عام بازار کھلے ہوں گے تاہم پبلک ٹرانسپورٹ، تعلیمی ادارے، ریسٹورنٹس، ہوٹلز، شادی ہالز، سینما گھر ،سیاحتی مقامات اور پارکس بند رہیں گے،دکانیں ہفتے میں صرف 4 روز صبح 8 سے شام 5 بجے تک کھولی جاسکیں گی، کنسٹرکشن سیکٹر، بزنس آف سٹی اور الیکٹرک اپلائنسز کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

Sughra Afzal

Content Writer