ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سیلفی کے شوقین لاہوریوں کیلئے شاندار خبر

سیلفی کے شوقین لاہوریوں کیلئے شاندار خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (درنایاب) زندہ دل لاہور کے سیلفی بادشاہوں کیلئے خوشخبری، پی ایچ اے نے سیلفی کے شوقین لاہوریوں کو موقع فراہم کرنے کیلئے جیلانی پارک میں سیلفی پوائنٹ تیار کردیا، پارک کھلنے کے بعد شہری سیلفی پوائنٹ پرجاکراپنی یادوں کو محفوظ کرسکیں گے۔

سیلفی دور حاضر کے نوجوانوں کا پسندیدہ ترین مشغلہ ہے، جو اب ہر عمر کے افراد کی پسند بن چکا ہے، تفریحی مقامات ہوں یا بازار، عوامی ونجی تقریبات ہوں یا تعلیمی ادارے، سبھی جگہوں پر لوگ سیلفی لیتے دکھائی دیتے ہیں، سیلفی فیور میں صرف عام افراد نہیں سیاسی و سماجی شخصیات، گلوکار اور فلمی ستارے بھی بری طرح مبتلا ہیں، آج کل لوگ اچھی سیلفی بنانے کے لیے جدید موبائل فون، ٹیبلٹ اور مختلف ڈیوائسز استعمال کرتے ہیں، سیلفی کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ 2013 میں اسے آکسفورڈ ڈکشنری میں شامل کرکے ’’ورڈ آف دی ائیر قرار‘‘ دیا گیا۔

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی نے بھی سیلفی بنانے کے بڑھتے رحجان کو دیکھتے ہوئے ریس کورس جیلانی پارک میں سیلفی پوائنٹ تیار کردیا جہاں جانے والے شہری اب سیلفی پوائنٹ کا بھی فائدہ اٹھا سکیں گے، منفرد سیلفی پوائنٹ لاک ڈاؤن کے بعد حالات معمول پرآنے پر شہریوں کیلئے کھول دیا جائےگا، سیلفی پوائنٹ پر بڑے حروف کے ساتھ ”آئی لو لاہور“ لکھا گیا ہے جس میں موجود سرخ رنگ کا دیوقامت دل کا نشان دلکش منظرپیش کر رہا ہے۔

ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر پی ایچ اے مدثر اعجاز کا کہنا ہے کہ سیلفی پوائنٹ لاہور میں ایک اور دلچسپ مقام کی حیثیت سے اُبھرے گا جبکہ دیگر پارکوں میں بھی سیلفی پوائنٹ بنائے جائیں گے، باغوں کے شہر لاہور میں سیلفی پوائنٹ پارکوں کے حسن میں اضافے کے ساتھ اہل لاہورکی توجہ کا مرکز ہوں گے۔

واضح رہے  کہ 24 مارچ سے  کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں  لاک ڈاؤن نافذ ہے، تمام  شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer