سٹی42: مشن ورلڈکپ 2019 کےقومی اسکواڈ کوحتمی شکل دینے کے لئےقومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا، اجلاس میں محمد حفیظ،محمد حسنین، محمد عامر، آصف علی، جنید خان اورشاداب خان کے حوالے سے اہم فیصلےکیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کے قومی اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی آ ئندہ ہفتے مشاورت شروع کرے گی، قومی سلیکشن کمیٹی میگاایونٹ میں محمدحفیظ، شاداب خان، محمد حسنین، جنید خان، آ صف علی اور محمدعامر کی شمولیت کےحوالے سےامورپرغورکرے گی۔ سلیکشن کمیٹی محمد حفیظ اور شاداب خان کی فٹنس رپورٹس کا جائزہ لینے کےبعد ان کی ٹیم میں شمولیت کافیصلہ کرے گی، ذرائع کے مطابق محمد حسنین کی میچ فٹنس پرٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کوچند تحفظات ہیں جبکہ محمد حفیظ اب تک مکمل فٹ نہیں ہوسکے۔
ٹیم انتظامیہ کوامید ہےکہ محمد حفیظ چوتھے ون ڈے میچ تک فٹ ہو جائیں گے، دوسری طرف ٹیم انتظامیہ شعیب ملک کی فٹنس کےحوالے سے بھی تحفظات کا شکار ہے۔ بورڈ ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی ابتدائی طور پرآصف علی، محمد حسنین، جنید خان اورمحمد عامر کی کارکردگی کا جائزہ لے گی، ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی ٹیم انتظامیہ سے مشاورت کے بعد چوتھے ون ڈے کے بعد دو کھلاڑیوں کی واپسی کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی۔