(سٹی 42) داتا دربار دھماکے کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، حساس اداروں نے خودکش حملہ آور کے مبینہ سہولت کار سمیت 6 دہشتگردوں کو گرفتارکرلیا۔
حساس اداروں نے گڑھی شاہو سے داتا دربار خود کش دھماکے کے مبینہ سہولت کار سمیت 6 دہشتگردوں کو گرفتار کرکے اُن کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور اہم دستاویزات بھی برآمد کرلیں، خودکش حملہ آور اور سہولت کار گزشتہ چند روز سے گڑھی شاہو میں رہائش پذیر تھے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آور کو دھماکے کے روز صبح کے وقت بازار سے گزرتے دیکھا جاسکتا ہے، خودکش حملہ آور نے دھماکے سے پہلے داتا دربار کی ریکی بھی کی، تفتیشی اداروں نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی چین ملا لی ہے، سکیورٹی اداروں کو مبینہ بمبار کو دربار لانے والے موٹرسائیکل رکشہ کا سراغ بھی مل گیا۔
واضح رہے کہ 8 مئی کو داتا دربار کے باہر دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد شہید اور 24 زخمی ہوئے، پولیس نے دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی، حملہ آورکی شناخت کے لئے اس کے جسمانی اعضاء فرانزک لیبارٹری میں بھجوا دیئے گئے،دھماکے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سی ٹی ڈی عابد بیگ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔