ملک اشرف: پنجاب حکومت کےلاء افسران کی تنخواہوں میں بارہ برس بعد اضافے نے ساری کسر نکال دی، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی تنخواہ 2 لاکھ پچپن ہزار سے بڑھا کر ساڑھے چھ لاکھ جبکہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی تنخواہ ایک لاکھ تراسی ہزار سے بڑھا کر پانچ لاکھ چھتیس ہزار کر دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کےبعد سیکرٹری قانون ابوالحسن نجمی نےنوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے مطابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی تنخواہ بشمول تمام الاؤنسز ساڑھے6 لاکھ کردی گئی ہے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو سالانہ40ہزارانکریمنٹ بھی ملے گا، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی تنخواہ پانچ لاکھ36ہزارکردی گئی اور 34 ہزار سالانہ انکریمنٹ بھی ملے گا۔
ذرائع کےمطابق ایڈووکیٹ جنرل شکیل الرحمان اورایڈیشنل ایڈووکیٹ شان گل کی کاوشوں سے لاء افسروں کی تنخواہوں میں اضافہ ممکن ہوا، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ناصرچوہان، وسیم ممتازملک،سمیعہ خالد،بیرسٹرخالدوحید ،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل انوارحسین، امتیازکیفی، راناسراج الاسلام، عظیم ملک و دیگر کی تنخواہوں میں اضافہ ہوا۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل شازیہ اشرف خان، محمد اعجاز، رائے اشفاق و دیگر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل بھی ان افسران میں شامل ہیں۔