(ناصر علی)تیز رفتاری ٹریفک حادثات کی سب سے بڑی وجہ بن گئی ہے ہر روز کوئی نہ کوئی تیز رفتاری سے یا تو اپنی جان گنوا بیٹھتا ہے یا کسی دوسرے کی جان لے لیتا ہےآج خوفناک ٹریفک حادثہ شاہدرہ ہسپتال کے سامنے پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرک نے سڑک عبور کرتی ہوئی خاتون کی جان لے لی, پولیس نےضروری کارروائی کیلئے لاش مردہ خانے منتقل کردی۔
تفصیلات کے مطابق 35 سالہ خاتون شاہدرہ ہسپتال میں اپنے رشتہ دار کی عیادت کے لیے آئی تھی۔ واپس جاتے ہوئے ہسپتال کے سامنے جی ٹی روڈ پر تیز رفتار ٹرک نے اسے ٹکر مار دی۔ جس پر وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ حادثے کا شکار ہونے والی خاتون کی شناخت نرگس کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ٹرک ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہو گیا۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کیلئے مردہ خانے منتقل کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک قبضے میں لے کر حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا جلد ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیں گے۔