ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایم ٹی آئی ایکٹ کیخلاف ڈاکٹرز پھر سڑکوں پر آگئے

ایم ٹی آئی ایکٹ کیخلاف ڈاکٹرز پھر سڑکوں پر آگئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (قذافی بٹ،بسام سلطان ) ایم ٹی آئی ایکٹ کیخلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس ایک بار پھر سڑکوں پر آگیا، جس سے شہر کی مصروف سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہوگیا، جی ایچ اے اور وزیر قانون میں مذاکرات کا دوسرا دور آج ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف  ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف  پھر سڑکوں پر نکل آیا، سروسز ہسپتال کے احتجاجی ملازمین نے جیل روڈ پر دھرنا دیدیا، میو ہسپتال، جنرل ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال کا پیرا میڈیکل سٹاف اور ڈاکٹرز ملحقہ سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں، جس کی وجہ سے سڑکوں پر  گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ہیں، ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئےپولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ نجکاری کو نا روکا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیں گے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت ایم ٹی آئی ایکٹ کے نفاذ کیلئے ڈٹ گئی، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ  ڈاکٹرز کے دباؤ میں نہیں آئیں گے اور نہ ہی اس ایکٹ کے نفاذ سے پیچھے ہٹیں گے،ڈاکٹرز احتجاج ضرور کریں مگر ہسپتال بند نہ کریں، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے پاس احتجاج کا کوئی جواز نہیں، یہ احتجاج سے صرف سیاست چمکا رہے ہیں، وکلاء نے علاج میں خلل ڈالا، ڈاکٹر بھی وہی کام کررہے ہیں، ڈاکٹرز کو کئی بار ایم ٹی آئی ایکٹ پر بات کرنے کا موقع دیا لیکن وہ نہیں کرتے، ڈاکٹرز نے جب بھی بات کی اپنے برخاست شدہ ڈاکٹر کی بحالی کی بات کی۔

واضح رہےکہ کل صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت کیساتھ ینگ ڈاکٹرز کے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے تھے، وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد موجود ہونے کے باوجود مذاکرات میں شریک نہ ہوسکیں۔ مذاکرات کا دوسرا دور آج پھر ہوگا۔

یاد رہے کہ کل بھی  ایم ٹی آئی ایکٹ  کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس نے دھرنا دیا تھا، دھرنے میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی تھی۔

Sughra Afzal

Content Writer