سابق وزیر اعظم نوازشریف کے ذاتی معالج پرحملہ

سابق وزیر اعظم نوازشریف کے ذاتی معالج پرحملہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:لندن میں زیرعلاج سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کے ذاتی معالج  ڈاکٹر عدنان پر حملہ کیا گیا۔

 ترجمان شریف فیملی کے مطابق لندن کے علاقے پارک لین میں دونقاب پوشوں نے ڈاکٹر عدنان پردھاتی راڈ سے حملہ کیا اور مکے مار کر زدو کوب تشدد کیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ترجمان نے بتایا کہ ڈاکٹرعدنان کےسر، چہرے اور سینے پر چوٹیں آئی ہیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عدنان کو حملے سے قبل دھمکی آمیز کالیں موصول ہوئی تھیں جس کے ثبوت پولیس کو دے دیے گئے ہیں۔ ترجمان شریف فیملی نے ڈاکٹر عدنان پر ہونے والے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ  اس قسم کے حملوں کا جواب قانونی دائرے میں رہ کر دینےکا حق رکھتے ہیں۔


لندن پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عدنان پر حملے سے متعلق شکایت موصول ہوگئی جس پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

سابق وزیر اعظم نوازشریف کے ذاتی معالج پرحملے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی گئی ہے،رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ تیمور کی جانب سےڈاکٹرعدنان پر حملے کی مذمت کی گئی ہے، حملہ سابق وزیر اعظم کے علاج میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا۔

رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان پر حملہ کی پر زور مذمت کرتا ہے ،یہ ایوان اس واقعہ کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے ، ڈاکٹر عدنان پر حملہ ان کو خوف زدہ کرنے کی کوشش ہے،یہ حملہ نوازشریف کے علاج میں رکاوٹ پیدا کرنے کی سازش ہے ۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو سنگین عارضہ لاحق ہے،نواز شریف کے معالج کوہراساں کرنا ان کو ذہنی اذیت دینے کے مترادف ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے جس کے حوالے سے ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اپڈیٹ کرتے ہیں۔ 

Azhar Thiraj

Senior Content Writer