(حسن خالد) پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدرقمرالزمان کائرہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا نوازشریف کی عیادت کے لیے جانا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں بلکہ یہ پیپلزپارٹی کی روایت ہے،حکومت اور اپوزیشن کےمابین تعلقات کا استوار ہونا مشکل نظر آرہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کی صاحبزادی کی بارات میں شرکت کےبعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمرالزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف علیل ہیں،پورا ملک ان کی بیماری سے متعلق پریشان ہے، بلاول بھٹو اور نواز شریف کی ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں بلکہ پیپلزپارٹی کی روایت ہے،بے نظیر بھٹونےبھی اپنے سیاسی مخالفین کو معاف کردیا تھا ۔
انہوں نےکہا کہ وزیر اعظم اور تحریک انصاف کےرہنمااسدعمر کی باتوں سے لگتا ہے کہ ان کے دلوں میں پیپلز پارٹی کےخلاف بغض ہے،پیپلزپارٹی وہی کرے گی جواسےبہترلگے گا۔
بلاول بھٹو کی انگریزی میں تقریر کرنےپر قمر الزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو،بی بی شہید اور قائد اعظم بھی انگریزی بولا کرتے تھے،عمران خان جن کی پیروی کرتے ہیں وہ انگریزی نہیں بولتے ۔