ویب ڈیسک: طوفانی بارش کے باعث دیواریں اورچھتیں گرنے سے30 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات ہے۔ پاک فوج کی امدادی ٹیمیں جاۓ وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی میں سرگرمیوں میں مصروف ہیں ۔
پاک فوج تمام وسائل بروۓ کار لا کر سول انتظامیہ کے ساتھ اس مشکل وقت میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے. زخمیوں کو ضلعی ہسپتالوں میں پاک فوج کی مدد سے منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ضلع بنوں کے سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ میں ایمن آباد روڈ پر آندھی کے باعث سٹیل فیکٹری کا شیڈ مزدوروں پر گر گیا، فیکٹری کا شیڈ گرنے کے باعث کام کرنے والے 3 مزدور زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھلے اور گوندانوالہ میں آندھی اور بارش کے چھتیں گر گئی، چھتیں گرنے کے دونوں واقعات میں 7 افراد زخمی ہوئے۔ دھلے میں سکریپ کے گودام کی چھت گرنے سے تین جبکہ گوندانوالہ گاؤں میں گھر کے کمرے کی چھت گرنے سے چار افراد زخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش کے باعث دیواریں اورچھتیں گرنے سے 8 افراد جاں بحق، جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ گجرات میں درخت گرنے سے چنگچی رکشہ موٹر سائیکل تباہ ہوگیا۔
کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا سیوریج نظام جواب دے گیا۔کالیکی منڈی،نوشہرہ ورکاں ، وزیرآباد اور ملحقہ علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 کے مطابق تیز اندھی اور طوفانی بارشوں سے ابتک لکی مروت،کرک اور بنوں میں 25 افراد جانبحق جبکہ 145 افراد زخمی ہوئے، جانبحق افراد میں بچے اور خواتین شامل ہیں۔ مختلف واقعات میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہوئیں۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق پشاور میں69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ سیکرٹری محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ ریسکیو1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے امدادی کاروائیاں میں مصروف ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ سیکرٹری ریلیف نے امدادی کاروائیاں تیزکرنے کی ہدایات جاری کردی۔
ضلعی انتظامیہ نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی گئی، سیکرٹری ریلیف عبدالباسط نے پی ڈی ایم اے کے کنڑول روم کا دورہ کیا۔ پی ڈی ایم اے نے آندھی اور طوفانی بارشوں سے متاثرہ ضلع بنوں کے متاثرین کےلیے چار کروڑ روپے جاری کردیے۔متاثرین کو حکومتی پالیسی کے مطابق ریلیف مہیا کیا جائے۔
وزیرآبا کے علاقے دارہ صلے شاہ میں 3سوسالہ قدیمی درخت جڑ سے اکھڑ گیا ۔نیم کا قدیمی درخت گرنے سے دو بچے زخمی ہو گئے ۔جبکہ وزیر آباد کے علاقے سیالکوٹ روڈ پر مکان کی دیوار گرنے سے صابر نامی شہری جاں بحق ہوگیا۔ جی ٹی روڈ پر درخت گرنے سے دو افراد شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں اور نعش کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
خوشاب کے علاقے تحصیل نورپور میں دیوار کے نیچے دب کر تین بہنیں جاں بحق ہوگئیں، دیوار گرنے کا واقعہ نواہی گاؤں 17 ڈی بی میں پیش آیا، جہاں 13 سالہ ستارہاں بی بی ،10 سالہ منظر بتول، 7سالہ کشف بی بی بارش سے بچنے کے لیے دیوار کی اوٹ میں کھڑی تھیں۔تین بہنوں کی اچانک وفات پر علاقہ میں سوگ کی فضا پھیل گئی۔
بھکر کی تحصیل منکیرہ میں تیز مٹی کے آندھی طوفان کے بعد ہونے والی بارش سے منکیرہ میں مکان کی چھت زمین بوس ہوگئی ملبے تلے خواتین بچوں سمیت پانچ افراد دب گئے۔ مقامی لوگوں اور رسیکیو 1122 کی ٹیم نے زخمیوں کو نکلا کر ٹی ایچ کیو ہسپتال منکیرہ منتقل کر دیا گیا۔ حادثہ محلہ عثمانہ آباد کے علاقہ میں پیش آیا۔ نواحی علاقہ جات میں تیز مٹی کے طوفان کے بعد تیز بارش ہوئی، جس سے بجلی کا نظام دھرم بھرم ہوگیا۔
ملتان اور گردونواح میں مٹی کے طوفان اور شدید آندھی کے باعث ٹریفک متاثرہوچکی ہے، مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہونے سے معاملاتِ زندگی متاثرہورہی ہے۔
حافظ آباد کے علاقے کوٹ حسن خان میں آندھی اور بارش کے باعث مکان کی دیوار گر گئی، دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ دوسری جانب تیز آندھی کے باعث شہر اور مختلف دیہات میں بجلی منقطع ہوگئی۔