ویب ڈیسک: نئے وفاقی بجٹ میں مجموعی ٹیکس محاصل کا ہدف 12 ہزار 163 ارب روپے رکھا گیا، جس میں سے چاروں صوبوں کو ان کے حصے کی رقم ملے گی۔
مالی سال 24-2023ء کے وفاقی بجٹ میں مجموعی ٹیکس محاصل 12 ہزار 163 ارب روپے رکھا گیا ہے، قابل تقسیم محاصل میں سے صوبوں کو 5 ہزار 276 ارب روپے ملیں گے۔دستاویز کے مطابق صوبوں کو موجودہ مالی سال کے مقابلے 1147 ارب روپے زیادہ ملیں گے، سب سے بڑا حصہ پنجاب کو جائے گا، جس کا تخمینہ 2626 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
بجٹ کے مطابق سندھ کو 1306 ارب روپے اور خیبرپختونخوا کا ٹیکسوں میں حصہ 866 ارب 57 کروڑ روپے ہوگا جبکہ بلوچستان کو قابل تقسیم محاصل میں سے 479 ارب روپے ملیں گے۔دستاویز کے مطابق صوبوں میں گیس اور تیل کی رائلٹی کی مد میں 137 ارب 42 کروڑ روپے تقسیم ہوں گے۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز (جمعہ کو) 14 ہزار 500 ارب روپے کا وفاقی بجٹ پیش کیا، جس میں ٹیکس محاصل کا ہدف 9200 روپے رکھا گیا۔