سٹی 42: شہریوں کو کورونا سے بچانے کیلئے کمشنر پرعزم، 31 دسمبر سے قبل ہر شہری کی ویکسینیشن کیلئے اہداف طے کردیے.
کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کی زیرصدارت ویکسینیشن سنٹرز کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ ڈی سیز اور اے سیز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر محمد عثمان نے دو دن میں ڈی سیز اور اے سیز سے ویکسینیشن پلان طلب کر لیے ہیں۔
کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ 18 سال سے اوپر آبادی کو دنوں پر تقسیم کریں، روزانہ کا ٹارگٹ مل جائےگا، تحصیل سطح پر اے سیز ٹارگٹس، موجود سنٹرز اور مجوزہ سنٹرز کا پلان دیں گے، موبائل سنٹرز بھی قائم کریں۔
کمشنر نے کہا کہ ویکسینیشن ڈیٹا انٹری اور ویکسین کولڈ چین کا احتیاط سے خیال رکھا جائے، ویکسین کی کولڈ چین مینیجمنٹ اور آن لائن ڈیٹا انٹری کی ڈیوٹی تحریری طور پر تفویض کی جائے، ویکسینیشن پروگرام کو منظم، تیز ترین، اعلٰی معیار کے مطابق ہر شہری تک پہنچایا جائے گا۔
کمشنر نے مزید کہا نہ صرف ہدف کا حصول ضروری ہےبلکہ ویکسینیشن کا بین الاقوامی معیار بھی قائم رہنا ناگزیر ہے۔