(زاہد چوہدری) پنجاب حکومت کو ایم بی بی ایس فائنل ایئر کے طلبا کا مستقبل بچانے کا خیال آہی گیا، ضمنی امتحانات کے انعقاد کی اجازت دے دی گئی ۔
کورونا وبا کے باعث پنجاب حکومت نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیرانتظام یکم جون سے شروع ہونے والے ایم بی بی ایس کے ضمنی امتحانات کو منسوخ کردیا تھا تاہم ضمنی امتحانات نہ ہونے کی صورت میں ایم بی بی ایس فائنل ایئر کے سینکڑوں طلبا کا ایک سال ضائع ہونے سے بچانے کیلئے اب حکومت نے ضمنی امتحانات کی اجازت دیدی ہے ۔ ضمنی امتحانات کورونا سے بچاو کے حفاطتی اقدامات کے ساتھ منعقد ہونگے۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نبیل اعوان کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے کورونا کی جانب سے ایم بی بی ایس فائنل پروفیشنل کے ضمنی امتحانات کی اجازت مل گئی ہے تاہم یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سمیت دیگر تعلیمی ادارے کو حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے ۔
یاد رہے اس سے قبل حکومت کی جانب سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر انتظام یکم جون سے شروع ہونے والے ایم بی بی ایس کے سپلیمنٹری امتحانات کو اچانک غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
اس فیصلے کی پاداش میں ایم بی بی ایس فائنل ایئر کے 500 سے زائد طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ۔ سپلیمنٹری امتحانات میں ایم بی بی ایس فائنل ایئر کے 291 طلبہ نے میڈیسن، 382 نے سرجری، 142 نے گائنی اور 373 نے پیڈز میں سپلیمنٹری امتحان دینا تھا۔
سپلیمنٹری امتحانات منسوخ ہونے کی وجہ سے ایم بی بی ایس فائنل ایئر کے طلبہ پاس ہوکر جولائی سے ہاؤس جاب شروع نہیں کر سکیں گے جس سے ان کا ایک برس ضائع ہوجانا تھا۔