(مانیٹرنگ ڈیسک) مارٹا وومن فٹبال کلب کے بانی و صدر رئیس خان نے کہا ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن فیئر اینڈ فری کروائے جائیں، 30 دسمبر سے قبل ڈسٹرکٹ اور صوبائی سطح پر نئی باڈیز کا عمل مکمل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر فٹبال کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ پی ایف ایف کی صدارت کیلئے متحرک شخصیت کو منتخب کیا جائے، پاکستان فٹبال فیڈریشن میں سیاست کے باعث ملک میں فٹبال زوال پذیر ہے، فیفا پاکستان میں فٹبال کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرے، ملک میں بیشتر پلے گراؤنڈ تباہ حال ہیں جس کے باعث کھلاڑی مشکلات کا شکار ہیں۔
رئیس خان نے مزید کہا کہ پاکستان میں خواتین فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، کوالیفائیڈ کوچز کی کمی کے باعث وومن کھلاڑی اچھی تربیت سے محروم ہیں، کراچی میں وومن فٹبال کی ترقی اور مسائل کے حل کیلئے ایک کمیٹی کی تشکیل بھی جلد عمل میں لائی جائے گی، جس کی تجاویز اور سفارشات کی روشنی میں خواتین فٹبال کے فروغ کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں خواتین کا فٹبال سے لگاؤ بڑھ رہا ہے، سکول، کالج ، یونیورسٹی گراس روٹ لیول پر وومن کھلاڑیوں کی فٹبال کی جدید تکنیک سے آگاہی کیلئے اقدامات کیے جائیں، ملکی و غیر ملکی کمپنیاں بھی فٹبال کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
دوسری جانب لاہور فٹبال ایسوسی ایشن نے مطالبات تسلیم نہ کرنے پر الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا، ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کی زیر نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور فٹبال ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں رضوان علی نے شہر میں ووٹ کا حق رکھنے والے کلبوں کیساتھ ملاقات کی، جس میں ستائیس کلبوں کے صدور نے شرکت کی، ملاقات میں تمام افراد نے صوبائی نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے سے اپنے تحفظات پیش کیے۔ لاہور فٹبال ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں رضوان علی نے اس حوالے سے نار ملائز یشن کمیٹی کو خط لکھ دیا ہے۔