(ویب ڈیسک) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کھجور فیسٹول کا انعقاد ستمبر 2024 میں ہو گا جس سے کھجور کے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔
وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے ذرائع کے مطابق کھجور فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کیلئے وزارت فوڈ سکیورٹی بھر پور تعاون کو یقینی بنائے گی ، کھجور کی پیداوار میں پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے۔ پاکستان میں کھجور کی برآمدات حوصلہ افزء نہیں ہیں مگر صلاحیتیں موجود ہیں، کھجور کی برآمدات کو بھی بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس اقدام سے پاکستان میں کھجور کے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی ہو گی، کھجور پاکستان کے لیے ایک اہم فصل ہے اور وزارت فوڈ سکیورٹی کھجور کے کاشتکاروں کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔ کھجور اعلیٰ غذائیت سے بھرپور خوراک کا ذریعہ اور دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہے ، دنیا میں کھجور پیدا کرنے والے اہم ملک پاکستان کی سالانہ پیداوار 150,000 میٹرک ٹن سے زائد ہے ، پاکستان میں اگائی جانے والی ڈھکی کھجور خاص طور پر اپنے منفرد ذائقے اور ساخت کی وجہ سے عالمی سطح پر بڑی مقبول ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کھجور کی ویلیو چین بڑھانے کے لیے پاکستان اہم خطوں میں کھجور کے پروسیسنگ پلانٹس لگانے کا خواہاں ہے ، پراسیسنگ پلانٹس سے ہم اعلیٰ معیار کی کھجور کی مصنوعات کھجور کی شکر اور کھجور کا جوس تیار کر سکیں گے ، پروسیسنگ پلانٹس کھجور کی شیلف لائف میں اضافہ کریں گے ، حکومت زرعی شعبے کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے.