سٹی 42: سوشل میڈیا کے بڑھتے استعمال نے پوری دنیا کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب کر دیا ہے۔ کوئی بھی شخص ایک ملک سے کسی بھی دوسرے ملک میں رہنے والے لوگوں سے بات چیت اور دوستی کر سکتا ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ یہ دوستی بہت جلد رشتے میں بدل جاتی ہے،تاہم کبھی کبھی ان رشتوں کا انجام دھوکہ دہی کی صورت میں بھی سامنے آتا ہے۔
پولیس کے مطابق غیر ملکی خاتون کو لاری اڈاہ میں بے آسرا دیکھ کر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو خاتون انگریزی اور اردو زبان سے نا بلد تھی۔ پولیس نے اشاروں کی زبان میں بات کرنے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ وہ خاتون ترکش ہے، جس کے بعد پولیس نے خاتون کو ترک قونصلیٹ کے حوالے کر دیا۔
ایس ایچ او جمیل احمد کے مطابق قونصلیٹ نے انہیں بتایا کہ ترک خاتون کو سوشل میڈیا پر شادی کے لیے پاکستان بلایا گیا۔ خاتون سے فیس ٹو فیس ملاقات میں لڑکے نے بڑی عمر کا بہانہ بنا کر شادی سے انکار کر دیا اور اس کو لاری اڈہ چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ خاتون اس ہر کوئی کارروائی نہیں کروانا چاہتی تھی اس لیے قانونی کارروائی نہیں کی جا سکی۔