ویب ڈیسک: ایپل کمپنی نے 8 سال بعد ایک نئی اور منفرد ڈیوائس پیش کرنے کا اعلان کیا ہے جسے آئی فون کے مقابلے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جیسا کہ ایپل کمپنی کو آئی فونز ، آئی پیڈز اور میک کمپیوٹر ڈیوائسز بنانے والی کمپنی کے طور پر جانا جاتا ہے۔تاہم بلومبرگ کی جانب سے رپورٹ سامنے آنے کے بعد یہ امکان کیا جارہا ہے کہ یہ کمپنی اپریل سے جون کے درمیان مکسڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ متعارف کرائے گی، جبکہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کی جانب سے اس ڈیوائس کو جون میں شیڈول ورلڈ وائیڈ ڈویلپرز کانفرنس سے قبل متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ورچوئل رئیلٹی (وی آر) اور اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) پر مشتمل یہ ہیڈ سیٹ 3 ہزار ڈالرز کا ہوگا جسے رئیلٹی پرو کا نام دیا جاسکتا ہے، تاہم صارفین اسے رواں سال کے آخر تک خرید سکیں گے۔
واضح رہے کہ یہ 2015 میں ایپل واچ کے بعد امریکی کمپنی کی پہلی نئی ٹیکنالوجی ڈیوائس ہوگی، اس ہیڈ سیٹ میں ایم 2 چپ کا استعمال کیا جائے گا جبکہ کمپنی کے نئے ایکس آر او ایکس آپریٹنگ سسٹم سے لیس ہوگا۔
بلومبرگ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے اس ہیڈ سیٹ کو کچھ ڈویلپرز کو دکھایا گیا ہے تاکہ وہ اس کے لیے تھرڈ پارٹی ایپس تیار کرسکیں۔
حالیہ مہینوں میں اس ہیڈ سیٹ کے بارے میں متعدد رپورٹس سامنے آئی ہیں۔ان رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ایپل کی اس انقلابی ڈیوائس میں لاگ ان اور ادائیگیوں کے لیے آنکھوں کی اسکیننگ کا فیچر دیا جائے گا۔اسی طرح ایک فزیکل ڈائل سے صارف وی آر یا اے آر موڈ سوئچ کرسکے گا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس ہیڈ سیٹ کے ہارڈ وئیر، سافٹ وئیر اور سروسز پر ابھی بھی کافی کام ہونا باقی ہے جس کے باعث ایپل کے دیگر پراجیکٹس متاثر ہوسکتے ہیں۔ اس ہیڈ سیٹ میں گیمنگ کی بجائے روزمرہ کے کاموں پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے گی۔
ایپل کی جانب سے تیار کردہ اس ڈیوائس کو آنے والے برسوں میں اس کو آئی فون کا متبادل بنانے کی کوشش کی جائے گی، اس حوالے سےتجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایپل کا مقصد 10 برسوں اے آر کو آئی فون کی جگہ دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس کمپنی کی جانب سے اے آر ٹیکنالوجی پر کافی کام کیا جارہا ہے اور اکتوبر 2022 میں ایپل کے سی ای او ٹم کک نے اس حوالے سے خیالات کا اظہار کیا تھا، انہوں نے کہا کہ مستقبل میں لوگ اس بات پر حیران ہوں گے کہ ہماری سابقہ زندگی اے آر ٹیکنالوجی کے بغیر کیسے گزری۔
ٹم کک نے کہا کہ ہم اس ٹیکنالوجی پر کافی سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ اے آر ایسی ٹیکنالوجی ہوگی جو ہر چیز پر اثرات مرتب کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد ہم ایسی دنیا میں زندگی گزار رہے ہوں گے جس میں اے آر ٹیکنالوجی کا استعمال عام ہوگا، کیونکہ ہم یہ نہیں چاہتے کہ لوگوں کو حقیقی دنیا سے دور کردیں۔