عمران خان، فواد چودھری، اسد عمر کے وارنٹ گرفتاری جاری

Imran Khan, Asad Umar
کیپشن: Imran Khan, Asad Umar
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن کے 4 رکنی کمیشن نے  پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت دو رہنماؤں  کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیسز کا فیصلہ سنا دیا۔

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان، اسد عمر، فواد چودھری  نے  توہین الیکشن کمیشن کیس اور چیف الیکشن کمشنرکیسز میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی تھیں،کل چار رکنی کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنا دیا گیا، الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کی توہین الیکشن کمیشن کیسز میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تینوں رہنماؤں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔

واضح رہےکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ، فواد چودھری اور اسد عمر سمیت دیگر رہنماؤں نے گزشتہ برس عوامی اجتماعات بالعموم الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کو براہ راست تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن) کے ایماء پر تحریک انصاف کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے جلسوں، پریس کانفرنسز اور انٹرویوز کے دوران لگائے گئے الزامات پر الیکشن کمیشن نے عمران خان ، فواد چودھری اور اسد عمر کو الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کی توہین کے نوٹس جاری کئے تھے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے متعدد مرتبہ نوٹس جاری کئے جانے کے باوجود تینوں رہنما پیش نہیں ہوئے تھے۔

 سپریم کورٹ نے   الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت  دی تھی، عدالتی حکم میں کہا گیا تھا کہ سندھ اور لاہور ہائی کورٹس نے صرف حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روکا ہے، الیکشن ایکٹ کمیشن کو کارروائی کیلئے با اختیار  بناتا ہے۔

سپریم کورٹ کا اپنے حکم میں کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کے خلاف کارروائی جاری رکھے، الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے اعتراضات پر بھی قانون کے مطابق فیصلہ کرےکیونکہ کسی ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی سے نہیں روکا۔