(جنید ریاض)قذافی سٹیڈیم کے قریب سکولوں میں جلد چھٹی کے احکامات، طلبہ کو سالانہ امتحانات کی تیاری کی فکر لگ گئی۔پڑھائی کا شیڈول متاثر ہونے سے والدین بھی پریشان جبکہ چھٹی کے اوقات میں ٹریفک جام نے مشکلات مزید بڑھا دی ۔
لاہور قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل کے میچز سے جہاں ٹریفک کا نظام متاثر ہوا ہے۔ وہیں بچوں کی تعلیم کا ہرج بھی ہو رہا ہے۔ قذافی سٹیڈیم کے گردونواح میں قائم سرکاری و نجی سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ سالانہ امتحانات سر پہ ہیں۔ ایسے میں جلد چھٹی سے ان کی پڑھائی متاثر ہو گی۔بچوں کو سکولوں سے لینے والے والدین ٹریفک جام کے باعث مشکلات سے دوچار رہے۔
قذافی سٹیدیم کے قریب سکولوں میں 25 فروری تک جلد چھٹی کے احکامات دئیے گئے ہیں جبکہ اس دوران پرائیویٹ سکولوں میں سالانہ امتحانات کا آغاز بھی ہو رہا ہے جس نے طلبہ اور والدین کی پریشانی بڑھا دی ہے۔
صبح سکول کا وقت ساڑھے 8 بجے تھا جسے اب ساڑھے 7 کر دیا گیاہے جبکہ دن کے وقت سوا 12 بجے چھٹی ہو جائے گی۔ سکول انتظامیہ کی جانب سے والدین اور طلبہ کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ٹیموں کی سٹیڈیم آمد کے باعث طلبہ کو مشکلات سے بچانےکے لئے کیا گیا ہے۔