انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ، کھلاڑیوں کی کارکردگی پر ہیڈ کوچ کا بیان

انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ، کھلاڑیوں کی کارکردگی پر ہیڈ کوچ کا بیان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( حافظ شہباز علی ) قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد اور کپتان روحیل نذیر نے ورلڈ کپ میں قومی انڈر 19 ٹیم کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دے دیا، کہتے ہیں کہ مستقبل میں مزید بہتری کی گنجائش ہے۔

وطن واپسی پر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد اور کپتان روحیل نذیر نے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر قومی ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ہیڈ کوچ اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ ان کی کوچنگ میں چھ ماہ کے دوران قومی انڈر 19 ٹیم کو صرف ایک شکست ہوئی اور بد قسمتی سے وہ میچ ورلڈ کپ سیمی فائنل تھا۔

کپتان روحیل نذیر کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر ہماری ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی مگر سیمی فائنل میں توقعات پر پورا نہ اترنے کا افسوس ہے۔

ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے قاسم اکرم اور محمد حارث کو پاکستان کرکٹ کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی سی بی انتظامیہ سے درخواست کر رکھی ہے کہ چار ماہ کا کیمپ لگایا جائے تاکہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے۔

یاد رہے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں گرین شرٹس کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 172 رنز سکور کیے، اوپنر حیدر علی نے 56 اور کپتان روحیل نذیر نے 62 بناکر نمایاں رہے۔ آٹھ پاکستانی بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔

بیٹنگ کے بعد باؤلنگ بھی نہ چل سکی، پاکستانی باؤلرز بھارتی اوپنرز کے سامنے بےبس دکھائی دئیے۔ یشاسوی جیسوال نے 105 اور دیویانش سکھسینانے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ یوں بھارت نے173 رنز کا ہدف 36ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا تھا۔