( راؤ دلشاد ) سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا این اے 129 کے مختلف علاقوں کا دورہ، الرحمن فری ڈسپنسری، گرین فارمیسی اور پرائیویٹ سکول کا افتتاح کیا، سردارایاز صادق کا کہنا ہے عبدالعلیم خان کی انکوائری کے دوران گرفتاری قابل مذمت ہے، تبدیلی سرکار نے پارلیمنٹ کو مفلوج کردیا ہے۔
این اے 129 کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق تبدیلی سرکار کے خلاف پھٹ پڑے، بولے 6 ماہ میں کوئی قانون سازی نہیں ہوسکی، یہ نااہلی نہیں تو کیا ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے علیم خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری کی اسٹیج پر گرفتاری کا کوئی جواز نہیں تھا، علیم خان سیاسی حریف ہیں لیکن ان کی گرفتاری قبل ازوقت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کیسز عدالتوں میں ہیں اور عمران خان این آر او کی باتیں کرتے ہیں، یہ ایسے ہی ہے جیسے عمران خان نے شہبازشریف پر 10 ارب روپے دینے کا الزام لگایا، 10 ارب کے ہرجانے کا دعوی ان کے خلاف دائر ہے۔
سردار ایازصادق نے حلقہ انتخاب میں مصروف دن گزارا، انہو ں نے الرحمن فری ڈسپنسری، گرین فارمیسی اور آمنہ پبلک سکول کا افتتاح کیا اور کامیابی کی دعا بھی کی۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے لیگی رہنما میاں نثار کے گھر جا کر ان کے بھائی کی تیمارداری جبکہ لیگی رہنما نوید احمد کے بھائی کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔