(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے چیلنج کیا ہے کہ اپوزیشن حکومت کو آئینی طریقے سے گھر بھیجنا چاہتی ہے تو تحریک عدم اعتماد پیش کرے، اپوزیشن نے استعفے دیئے تو حکومت ضمنی الیکشن کرا کر مزید مضبوط ہوجائے گی، اپوزیشن سے ہر ایشو پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں مگر کرپشن کے مقدمات معاف نہیں کر سکتے۔
وزیر اعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں سیال ایئرلائن کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیشنل ڈائیلاگ سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے ہیں، سیاسی ڈائیلاگ کی بہترین جگہ پارلیمنٹ ہے، میں نے پہلے دن کہا تھا پارلیمنٹ میں تمام سوالوں کے جواب دینے کو تیار ہوں، جمہوریت تب چلے گی جب مکالمہ ہوگا، ہم جو بات کرتے ہیں اپوزیشن کہتی ہے ہمارے مقدمات معاف کردیں، اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف مقدمات انہی کے دور حکومت میں بنائے گئے، اسحاق ڈار، نوازشریف کے بچے، داماد سب گزشتہ دور میں بیرون ملک بھاگے ہیں، ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہر ایشو پر بات کرنے کو تیار ہیں لیکن ہم کسی بھی صورت میں این آراو پر بات نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن مقدمات معاف نہیں کرسکتے، ہماری سب سے بڑی جیت ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا تھا، اس میں کوئی شک نہیں کرسکتا کہ ہمیں ہر شعبے میں تاریخی خسارہ ملا ہے، یہ ملک کو مقروض اور دیوالیہ کرکے چھوڑ گئے، ہمارا سب سے بڑا چیلنج ان حالات سے نکلنا تھا جو یہ چھوڑ کر گئے، بڑی مشکل کے بعد ہماری معیشت اوپر جارہی ہے، دو بڑے ڈیم اور دو نئے شہر بن رہے ہیں، شوکت خانم بنانے کا مقصد غریب کا مفت علاج کرنا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس دیں گے، اپوزیشن جلسوں کے علاوہ کیا کر سکتی ہے، یہ 11 جماعتیں مل کر بھی تحریک انصاف جتنے بڑے جلسے نہیں کر سکتیں، حکومت کو بھیجنے کا آئینی طریقہ تحریک عدم اعتماد ہے، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد پیش کرنا چاہتی ہے تو اسمبلی میں آجائے، مجھے سمجھ نہیں آرہی یہ کرنا کیا چاہتے ہیں، عثمان بزدار کی کمزوری ہے وہ اپنی اچھائیوں کی تشہیر نہیں کرسکتے، فردوس عاشق اعوان کو منصوبوں کی بہتر تشہیرکیلئے پنجاب لائے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں میں صرف 6 ارب روپے کی ریکوری ہوئی، 27 ماہ میں ہم نے پنجاب میں 207 ارب کی ریکوری کی، بڑے بڑے مافیا ن لیگ کے ساتھ ملے ہوئے تھے جو پکڑے جا رہے ہیں، جو ان کی مالی مدد کرتے تھے وہ اربوں روپے کی سرکاری زمینوں پر قابض تھے،ان کی آوازیں جمہوریت کی فکر میں نہیں نکل رہی ، ان کو فکر یہ ہے کہ اب یہ سب پکڑے جائیں گے،کورونا کے باعث پوری دنیا کی صنعتیں متاثر ہوئی ہیں، مشکل صورتحال میں پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے، بے روزگاری ہمارا بڑا مسئلہ ہے تاہم خوشی ہے لیبر کو روزگار میسر ہو رہا ہے، تعمیراتی شعبہ کی وجہ سے بھی روزگار مل رہا ہے، ہنر مند لیبر کیلئے عالمی معیار کی یونیورسٹی بنا رہے ہیں، ہنر مند لیبر ویلیو ایڈیڈ برآمدات میں بہت کارآمد ثابت ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار شروع کرنے میں معاونت کی جائیگی۔
انہوں نے سیالکوٹ میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت کامیاب امیدواروں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں نوجوانوں کومزید قرضے فراہم کئے جائیںگے، سیالکوٹ میں ایک ہزار ایکڑ اراضی پر صنعتی زون قائم کیاجائے گا، سیالکوٹ کیلئے سترہ ارب روپے کے ترقیاتی پیکج سے زندگیوں میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔