(ملک اشرف) لاہور ن ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ 103 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد جعفر کی نااہلی کی درخواست پر الیکشن کمیشن اور رکن پنجاب اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے حلقہ کے ووٹر سجاول احمد کی درخواست پر سماعت کی ، جس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی کی کامیابی کو چیلنج کیا گیا ، درخواست گزار کے وکیل پی ٹی آئی کے رہنماء بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ن لیگ کے ایم پی اے جعفر علی گریجویٹ نہیں ہیں انہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے وقت خود کو گریجویٹ ظاہر کیا پنجاب یونیورسٹی کی جعلی ڈگری پر الیکشن لڑا ، وہ ایک مقدمہ میں جیل بھی جا چکے ہیں ۔
بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ وہ آرٹیکل 62 (1)ایف کی اہلیت کھو چکے ہیں ، ایم پی اے کی ڈگری جعلی ہے اور کاغذات نامزدگی میں اس بارے میں حقائق چھپائے گئے،
درخواست گزار نے استدعا کی کہ ڈگری جعلی کی بنیاد پر رکن پنجاب اسمبلی محمد جعفر کو ناہل قرار دیکر پی پی 103 میں دوبارہ الیکشن کروانے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔