عبدالخالق مغاری : لاڑکانہ میں حساس اداروں اور سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 14 اگست کو میونسپل اسٹیڈیم، لیڈیز جیل سمیت مختلف مقامات پر دھماکے کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے افغانستان سے تربیت یافتہ دو دہشتگردوں کو گرفتار کر کے بارودی مواد اور ڈیٹونیٹرز برآمد کر لیے۔
سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی سید اصغر شاہ نے پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا کہ لاڑکانہ کے نئودیرو روڈ پر حساس اداروں اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کاروائی کر کے کلعدم تنظیم کے دو انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کی شناخت ڈوکری کے رہائشی جمیل احمد شیخ اور باقرانی کے رہائشی صلاح الدین جتوئی کے نام سے ہوئی۔
ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں نے افغانستان میں بارودی مواد بنانے اور چلانے کی ٹریننگ حاصل کی جبکہ 29 مئی کو اے ایس پی آفس لاڑکانہ میں کریکر دھماکا بھی کیا تھا۔ گرفتار دہشتگرد 14 اگست پر لاڑکانہ کے مختلف مقامات پر بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کرنے کے علاوہ کئی اہم شخصیات کی ریکی کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار دہشتگردوں سے آدھا کلو بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، ہینڈ گرنیڈ اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔ دونوں دہشتگرد مختلف دہشتگردی کی کاروائیوں میں مطلوب تھے، جن کی خلاف انسداد دہشتگردی اور ایکسپلوسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔