(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایف آئی اے کے نوٹس کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا، اسی سلسلہ میں6 اگست کو ایف آئی اے نے اسد قیصر کو طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا .پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کی جانب سے طلبی کے نوٹس کیخلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے اسد قیصر کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا تھا کہ تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے مطابق آپ کے 2 بینک اکاؤنٹس ہیں، اسد قیصر 2 بینک اکاؤنٹس کھولنے اور انہیں چلانے سے منسلک ہیں لہٰذا انکوائری ٹیم کے سامنے ذاتی حیثیت میں 11 اگست کو حاضر ہوں اور بینک اکاؤنٹس کے بارے میں سوالات کے جواب دیں۔