( علی اکبر ) عید الضحیٰ پر ڈرائیورز کی من مانیاں نہیں چلیں گی، زائد کرائے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز سے سختی سے نمٹا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے انتظامی افسران کو بس اڈوں پر کرایوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر نے محکمہ ٹرانسپورٹ حکام اور انتظامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ خود جاکر بس اڈووں پر معاملات کا جائزہ لیں، انہوں نے کہا کہ اوورچارجنگ کے نام پر مسافروں کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کا عملہ کرایوں کی مسلسل مانیٹرنگ کرے اور فرائض سے غفلت برتنے والے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے میٹروبس سٹیشنز پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا اجلاس بھی ہوا، جس میں میٹروبس سروس سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اورنج لائن منصوبے کی تکمیل کے مراحل سے آگاہ کیاگیا۔
اس موقع پر کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈی جی ایل ڈی اے سے سڑکوں اور فٹ پاتھ کی تعمیر ومرمت سےم تعلق رپورٹ بھی طلب کی گئی۔