علی اکبر: صوبائی وزیر قانون،پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ علماء کرام کے تعاون کی بدولت کرونا وائرس کا پھیلاؤ توقعات سے کم رہا ہے جس پروزیر اعلیٰ پنجاب اور حکومت ان کی شکر گذار ہے.
صوبائی وزیر قانون کی زیر صدارت مجلس اتحاد بین المسلمین کے اجلاس کا اجلاس ہوا ۔ جس میں. صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ سعید الحسن، چیئرمین متحدہ علما ء بورڈ علامہ طاہر اشرفی سیکریٹری اوقاف اور سپیشل سیکرٹری داخلہ سمیت صوبہ بھر سے تمام مکاتب کے علماء کرام کی کثیر تعداد موجود تھی جبکہ باقی ڈویژنوں سے علماء کرام نے ویڈیو لنک کے ذریعے تجاویز دیں. اجلاس میں کورونا وائرس کے پیش نظر رمضان المبارک کے دوران مساجد میں نماز، تراویح اورمزہبی اجتماعات کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا. وزیر قانون نے کہا کہ کرونا وائرس دنیا بھر کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے جس نے ہمیں بھی متاثر کیا ہے. ہمیں آزمائش کی اس گھڑی میں علماء کرام کا تعاون اورمشاورت درکار ہے.
انہوں نے کہا کہ عبادات کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں تاہم دین اسلام انسانی زندگی کے تحفظ کواولیں ترجیح دیتا ہے. راجہ بشارت نے کہا کہ چونکہ حکومت شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے اس لیے موجودہ مشکل حالات میں چند مشکل فیصلے کرنا وقت کا تقاضا ہے. انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی علماء کرام احتیاطی تدابیر کے حوالے سے اپنی تجاویز بھجوا سکتے ہیں. اگر اسی طرح عوام اور علماء کرام کا تعاون رہا تو انشاء اللہ جلد لاک ڈاؤن ختم ہو جائے گا. صاحبزادہ سعیدالحسن نے علماءکرام اور عوام پر زور دیا کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے سماجی فاصلے کی پابندی ضروری ہے. انہوں نے علما ء کرام اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی زندگی محفوظ بنانے کے لیے حکومتی ہدایات پر عمل کریں. اجلاس کے اختتام پر استحکام پاکستان اور کرونا کی وباء سے محفوظ رہنے کے لیے اجتماعی دعا کی گئی.