(سٹی 42) پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کیلئے نماز جمعہ میں 5 سے زیادہ شہریوں کے اجتماع پر پابندی عائد کردی ، علمائے کرام کی جانب سے شہریوں سے گھروں میں رہ کر ہی نماز ادا کرنے کی اپیل کی گئی ۔
ذرائع کےمطابق پنجاب حکومت نماز جمعہ کے حوالے سے گزشتہ ہفتے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کروائے گی، آج بھی نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے گزشتہ جمعے کا طریقہ کار اپنایا جائے گا، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر مساجد میں 3سے 5 افراد بشمول خطیب،موذن اور انتظام کرنے والے کو نماز جمعہ کی اجازت ہوگی۔ یہ اقدام حکومت پنجاب نےعلمائے کرام،طبی ماہرین کی ہدایات کی روشنی میں اٹھایا، اسلامی نظریاتی کونسل نمازجمعہ کو محدود کرنے کےحوالے سے پہلے ہی رائے دے چکی ہے۔
دوسری جانب موجودہ ملکی حالات میں کورونا وائرس کے باعث حکومت وقت نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے 5افراد کی جوشرط رکھی ہے اس حوالہ سے دارالافتاء جامعہ نعیمیہ کی طرف سے شرعی فتوی جاری کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤکے لئے سماجی دوری اختیار کی جائے اور افراد کا اکٹھ نہیں ہونا چاہیے۔
علمائے کرام نے شہریوں سے گھروں میں رہ کر ہی نماز ادا کرنے کی اپیل کردی ہے، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے بھی نمازی حضرات سے حکومت سے تعاون کی اپیل ہے۔
یاد رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے، پاکستان میں یہ وائرس اب تک 4601افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 66 افراد موت کےمنہ میں چلے گئے،ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی 66 ہلاکتوں میں سے خیبرپختونخوا میں 22، سندھ میں 21، پنجاب میں 18 ، گلگت بلتستان میں 3 ، بلوچستان اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔