اقوام متحدہ اس مشکل وقت میں پاکستان کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے: انتونیو گوتریس

 اقوام متحدہ اس مشکل وقت میں پاکستان کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے: انتونیو گوتریس
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو سیلاب اور قدرتی آفات سے دوچار غریب ممالک کی مدد کے لیے آگے بڑھنا ہو گا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈی نیشن سینٹر کا دورہ کیا ، جہاں انہیں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور بحالی کے کاموں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی پاکستان آمد پر ان کے مشکور ہیں اور ان کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتونیوگوتریس اور وفد پاکستان سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں، پاکستان میں سیلاب سے 3 کروڑ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں اور متاثرین کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا مگر بحالی کا بڑا چیلنج اب بھی موجود ہے۔ سیکرٹری جنرل ایسے وقت آئے ہیں جب ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، عالمی برادری کو سیلاب اور قدرتی آفات سے دوچار غریب ممالک کی مدد کے لیے آگے بڑھنا ہو گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے مختلف ممالک سے امداد پر ان کے شکر گزار ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے ہمیں فنڈنگ کی ضرورت ہے اور وفاقی حکومت پاک فوج کے تعاون سے متاثرہ علاقوں کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے مواصلاتی نظام کی بحالی کے لیے مدد کی اپیل کی ہے اور وہ صرف پاکستانی نہیں لیکن پاکستانیوں کے جذبات کو سمجھتے ہیں۔

اس موقع پر یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی میں خدمات انجام دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سیلاب ایک قدرتی آفت ہےجو کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آتا ہے۔ پاکستان ان ملکوں میں شامل ہے جن کو موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا سامنا ہے،موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میرے دل کے بہت قریب ہے،پاکستان کی افغان مہاجرین کی طویل عرصے تک مہمان نوازی کو سراہتے ہیں, اقوام متحدہ اس مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرے گا، اقوام متحدہ پاکستان کی اس مشکل وقت میں ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے۔پاکستان کو اس بحران سے نکلنے کے لیے بڑے پیمانے پر مالی امداد کی ضرورت ہے۔