ویب ڈیسک: بھارت کی معروف کامیڈین بھارتی سنگھ نے ناقابلِ یقین حد تک وزن کم کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
اپنی جسمانی ساخت کا بھرپور استعمال کرکے کامیڈی سے پرستاروں کے دل جیتنے والی بھارتی سنگھ نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ انہوں نے اپنا تقریباً 15 کلو وزن کم کیا ہے۔ بھارتی سنگھ کا کہنا تھا کہ انہوں نے وقفے وقفے سے کھانے کو کچھ دنوں تک چھوڑا تھا جس کے بعد ان کے اندر یہ نمایاں تبدیلی رونما ہوئی۔
کامیڈین نے بتایا کہ وزن کم کرنے کے بعد ان میں پہلے سے موجود ذیابیطس اور استھما جیسی بیماریوں میں بھی بہتری آئی ہے۔بھارتی سنگھ نے کہا کہ اب ان کی سانس نہیں چڑھتی اور انہیں ہلکا ہلکا محسوس ہوتا ہے، جبکہ استھما کے ساتھ ساتھ ذیابیطس بھی کنٹرول میں آگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈائٹنگ کے دوران وہ شام کو 7 بجے سے لے کر دوپہر 12 بجے تک کے درمیان کچھ بھی نہیں کھایا کرتی تھیں، لیکن دوپہر 12 کے بعد وہ کھانے پر ٹوٹ پڑتی تھیں۔ بھارتی نے بتایا کہ ان کا وزن پہلے 91 کلو تھا جو اب کم ہو کر 76 کلو تک پہنچ گیا ہے۔