ویب ڈیسک: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی اس سال کے آخر تک کورونا کی اضافی بوسٹر ویکسین نہ لگوانے کی اپیل۔
تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا میں کروڑوں افراد ایسے ہیں جنہیں کورونا کی ایک ویکسین بھی نہیں لگی۔ امیر ممالک پہلے غریب ملکوں کے لیے ویکسین کی پہلی خوراک یقینی بنائیں۔ اس کے بعد شہریوں کو بوسٹرز لگائی جائیں۔ دنیا کے کچھ ممالک سے اس قسم کی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ وہاں پر عوام کو کورونا کی بوسٹر ڈوز لگانے کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔
پاکستان میں بھی کورونا ویکسین کے بوسٹر لگانے کی اجازت دے دی گئی ہے لیکن صرف بیرون ملک جانے والے افراد ہی بوسٹر ڈوز لگواسکیں گے۔ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوانے والے شہری خود اس کی قیمت ادا کریں گے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کے لیے چارجز بھی مقرر کر دیے ہیں۔این سی او سی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز کے لیے فی خوراک کی قیمت 1270 روپے مقرر کی گئی تھی۔جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ویکسین کی بوسٹر ڈوز ملک بھر کے مخصوص ویکسین مراکز پر لگائی جائے گی۔ جبکہ بوسٹر ڈوز کی قیمت کی ادائیگی نیشنل بینک کی برانچوں میں جمع کروائی جا سکتی ہے۔