(عمر اسلم) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے این اے 124 سے ضمنی انتخابات میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو کامیاب کرانے کا ٹاسک لیگی رہنماؤں کو دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے این اے 124 سے نون لیگ کے امیدوار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ ضمنی انتخابات کے سلسلے میں لیگی رہنماؤں سے میٹنگ کی، حمزہ شہبازشریف نے لیگی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ یونین کونسل کی سطح پر مسلم لیگ (ن) کی بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے، شاہد خاقان عباسی کو زیادہ سے زیادہ مارجن سے کامیاب کرائیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ این اے 124 مسلم لیگ (ن) کا قلعہ ہے اور اس حلقہ میں ہمیشہ ان کی جماعت کامیاب ہوئی، چودہ اکتوبر ضمنی انتخابات کے دن بھی حلقہ کی عوام کا فیصلہ میاں نوازشریف کے حق میں ہوگا۔
اس موقع پر صدر مسلم لیگ (ن) لاہور پرویز ملک، میاں مجتبی شجاع الرحمان، سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف علی، خواجہ عمران نذیر، غزالی سلیم بٹ، چودھری شہباز احمد، باؤاختر ملک، ریاض سید، توصیف شاہ اور میاں عمران سمیت دیگر بھی موجود تھے۔