(کومل اسلم، زاہد چودھری) محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کی پیشگو ئی کی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں چند مقا مات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
شہر لاہور میں جاتی گرمی پھر لوٹ آئی۔ محکمہ موسمیات نے موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ شہرکا موجودہ درجہ حرارت28ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ شہرمیں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح187ریکارڈکی گئی ہے۔ یوایس قونصلیٹ155،سیدمراتب علی روڈپرشرح122ریکارڈ، جوہرٹاؤن77 جبکہ فیز8ڈی ایچ اے میں آلودگی کی شرح 88 ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کی موسمی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ اس دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا تاہم گلگت بلتستان اوربالائی خیبر پختونخوا میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ ترعلاقوں میں خشک اور جنوبی علاقوں میں گرم رہا جبکہ بالاکوٹ اور گوپس میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ہفتے کے روز ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق شہید بینظیرآباد اور سبی میں درجہ حرارت 42ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔