( عثمان علیم) ضلعی انتظامیہ کابحریہ ٹاؤن اور قریبی آبادی میں آپریشن جاری ، لاہور رنگ روڈ کی اراضی پر بنائے گئے پلازے گھر اور بھٹے بھی مسمار کر دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں جاری تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن کے تحت بحریہ ٹاؤن اور قریبی آبادی میں گرینڈ آپریشن کیا گیا جس میں پولیس، سول ڈیفنس، رنگ روڈپولیس، ایل ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے افسران و ملازمین شریک ہوئے ،آپریشن کی نگرانی کمشنر احمد مجتبی پراچہ، ڈپٹی کمشنر انوارالحق، ڈی آئی جی آپریشن،اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ عاصم سلیم اور دیگر انتظامی افسران نے کی ،لاہور رنگ روڈ کی اراضی پر قائم کیے گئے 77 گھروں ،چار کمرشل پلازوں ، پارکس اور اینٹوں کے بھٹےمسمار کر دئیےگئے،آپریشن میں بھاری مشینری کو زیر استعمال لاتے ہوئے تمام قبضہ شدہ زمین کو واگزار کرایا گیا۔
ڈی سی لاہور کیپٹن ر انوار الحق کا کہنا تھا کہ سرکاری محکموں کی جانب سے نشاندہی کی گئی جگہوں پر آپریشن کیا جا رہا ہے ، اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی کو واگزار کرایا جائیگا۔