(سٹی42 ) پولیس نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کےخلاف مزار قائد بے حرمتی کیس کوجھوٹا قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق مقدمے سے متعلق سٹی کورٹ میں ہونے والی سماعت میں پولیس نے اعتراضات کو دور کرکے حتمی چالان جمع کروادیا جس میں مقدمے کوبی کلاس قرار دیا گیا،پیش کردہ چالان میں مزار قائد کے تقدس، اس کے املاک کو نقصان پہنچانے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات کو خارج کردیئے گئے،پبلک پراسیکیوٹرز نے پولیس کے پیش کردہ چالان پر اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے اسے بی کلاس کرکے جھوٹا قرار دے دیا۔
پولیس کی جانب سے پیش کردہ چالان میں کہا گیا کہ تفتیشی افسر کی متعدد کوشش کے باوجود شکایت کنندہ وقاص احمد خان اپنا بیان ریکارڈ کرانے کےلئے حاضر نہیں ہوا،علاوہ ازیں چالان میں کہا گیا کہ ابتدائی تفتیش سے ظاہر ہوتا ہے کہ جس وقت مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر مزار قائد پر حاضری کےلئے موجود تھے تب مدعی مزار قائد پر موجود نہیں تھا، چالان میں مدعی کے حوالے کہا کہ وقاص احمد خان کے کال ڈیٹا ریکارڈ سے ظاہر ہوا کہ وہ مزار قائد میں موجود نہیں تھا۔
چالان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی مزار قائد پر حاضری کے وقت مزار عام شہریوں کیلئے بند تھا،اس ضمن میں استغاثہ نے سکروٹنی نوٹ میں واضح کیا کہ قائد اعظم مزار سیفٹی اینڈ مینٹیننس آرڈیننس 1971ہمارے دائر اختیار میں نہیں آتا تاہم اگر ایچ ایس او چاہے تو مزار قائد آرڈیننس کےلئے علیحدہ کیس دائرکرنے کا مجاز ہے۔