( علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے متعلقہ محکموں کو متحرک کردیا ہے، مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی جاری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اراکین قومی اسمبلی صاحبزادہ محمد محبوب سلطان اور محمد امیر سلطان سمیت دیگر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ایک برس کے دوران صوبے کی پائیدار ترقی کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے متعلقہ محکموں کو متحرک کردیا گیا ہے جبکہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ اپنے صوبے کے عوام کا مفاد عزیز ہے، عوام کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے مافیا کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا، منتخب نمائندے بھی عوام کو ریلیف دینے کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کی خود نگرانی کریں۔
وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ سابق ادوار میں عوام کی بنیادی ضرورتوں کے منصوبوں کو نظر انداز کر کے مجرمانہ غفلت برتی گئی، ہم نے انسانی ترقی پر وسائل خرچ کرنے کی نئی روایت ڈالی ہے، اراکین اسمبلی میرے دست وبازؤ ہیں، ان کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے، کسی کو اراکین اسمبلی کے جائز کاموں میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔