اقتدار سے نکلنے کے بعد پاکستان آرمی کوبدنام کرنا آپ کی سیاست کا طریقہ کار رہا ہے،شہباز شریف

tWITTERR, Prime Minister Shahbaz Sharif, Imran Khan, Pakistan ARrmy, PTI, PMLN, TRolls, Blames, Corruption Cases, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پاکستان آرمی کے بعض افسروں پر دو قاتلانہ حملوں اور قتل کی سازش  کے الزامات لگاتے ہوئے وزیر اعظم سے پوچھے گئے سوالات پر وزیر اعظم شہباز شریف نےآج عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان سے کئی جوابات طلب کر لئے۔ اپنی ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے عمران خان سے کہا، میں آپ سے یہ جوابی سوال پوچھتا ہوں۔ ایک: اقتدار سے محروم ہونے کے بعد بار بار پاکستان آرمی کو بطور ادارہ بدنام کرنا آپ کی سیاست کا طریقہ کار رہا ہے۔ وزیرآباد واقعے سے بھی پہلے سے کیا آپ آرمی، انٹیلی جنس اداروں اور ان کی قیادت پر مسلسل کیچڑاچھالنے کا سلسلہ جاری نہیں رکھے ہوئے؟

دو: ہر روز دھمکانے، بے بنیاد الزام لگانے کے سوا آپ نے کون سا قانونی طریقہ کار اپنایا ؟آپ نے وفاقی حکومت کی طرف سے کی گئی تعاون کی پیشکش ٹھکرا دی اور قانونی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔ آپ کو کبھی بھی سچائی کی کھوج میں کوئی دلچسپی تھی ہی نہیں بلکہ قابل مذمت واقعے کو آپ نے اپنے گھٹیا سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا۔

تین: ہیلی کاپٹر حادثہ کے بعد شہداءاور مسلح افواج کے خلاف سوشل میڈیا پر غلیظ مہم کس کی ایما پر چلائی؟کس جماعت کے ٹرول بریگیڈ نے شہداءکا مذاق اڑایا جو ہماری سیاست میں ناقابل تصور اور کلچر میں ایک نئی کم ظرفی کا مظہر تھا۔ کیا آپ جیسے ایسے مذموم اہداف اور عزائم رکھنے والوں کی موجودگی میں ہمیں کسی دشمن کی ضرورت ہے ؟

چار: سیاسی مقاصد کے لئے مذہب کو کس نے استعمال کیا؟ اپنی سیاسی سرگرمیوں میں مذہبی اصطلاحات کو کس نے متعارف کرایا؟ اس طرح آپ نے نہایت چالاکی اور ذاتی سیاسی مقاصد کی خاطر اپنے حامیوں کے ذریعے سیاسی مخالفین کو تشدد کے خطرات سے دوچار کیا؟ کیا آپ کے پارٹی راہنماﺅں نے مسجد نبویﷺ کے تقدس واحترام کو پس پشت ڈالتے ہوئے خاتون وزیر سمیت سرکاری وفد کے لوگوں کو ہراساں کرنے اور بدسلوکی کا نشانہ بنانے کی افسوسناک حرکت کی تاویلیں، دلیلیں اور جواز نہیں گھڑے تھے ؟

عمران خان کے اپنے نام ٹویٹ کو کوٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ  آپ پر سابق وزیراعظم کی حیثیت سے کرپشن کے مقدمات چل رہے ہیں۔ جاری ٹرائل کا سامنا کرتے ہوئے آپ چاہتے ہیں کہ قانونی وسیاسی نظام کو درہم برہم کردیا جائے۔ آپ کی دانست میں پاکستان جنگل بن چکا ہے تو میرا آپ کو مشورہ ہوگا کہ وہاں نہ جائیں کیونکہ حقائق اکثر تلخ اور تباہ کن ہوتے ہیں۔ وزیراعظم کا عمران خان کو جواب منگل کی شام 4 بجے ٹویٹر میں وزیر اعظم کی ٹائم لائن پر نمودار ہوتے ہی وائرل ہو گیا، ایک گھنٹے میں اسے ساڑھے چار لاکھ افرد  نے دیکھا، پندرہ سو نے ری ٹویٹ کیا اور ساڑھے تین ہزار افراد نے پسند کیا۔ 

شہباز شریف نے اپنے جواب میں کہامجھے کوئی شک نہیں کہ سفید جھوٹ، غلط بیانیاں، یوٹرنز اور اداروں پر مذموم حملے آپ کی سیاست کا تعارف ہے۔ آپ کا رویہ عدلیہ کو اپنی خواہشات کے حق میں جھکانا اور ’قانون مجھ پر لاگو نہیں ہوتا‘ جیسا ہے۔ گزشتہ چند سال کے ٹھوس حقائق سے جو کچھ ثابت ہوا ہے، اسی کی بنیاد پر آپ کے بارے میں اپنی ٹویٹ میں، میں نے لکھا تھا۔

شہباز شریف نے کہا  یہ امر روز روشن کی طرح عیاں رہنا چاہیے کہ سابق وزیراعظم کے طورپر کرپشن پر جاری ٹرائل کا سامنا کرتے ہوئے آپ چاہتے ہیں کہ قانونی وسیاسی نظام کو درہم برہم کردیا جائے۔ آپ کی دانست میں پاکستان جنگل بن چکا ہے تو میرا آپ کو مشورہ ہوگا کہ وہاں نہ جائیں کیونکہ حقائق اکثر تلخ اور تباہ کن ہوتے ہیں۔ اسے کسی اور دِن کے لئے رکھ چھوڑتے ہیں۔